بلدیہ ٹاؤن: پانی، بجلی کی عدم فراہمی پر مکینوں کا احتجاج
مظاہرین نے حب ریور روڈ کے دونوں ٹریک بند کردیے، گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں،پانی، بجلی جلد بحال کرنے کا مطالبہ،پولیس نے مذاکرات کرکے مظاہرین کو منتشر کردیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ ٹاؤن میں پانی اور بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف علاقہ مکین مشتعل ہوگئے اور احتجاج کرتے حب ریور روڈ کے دونوں ٹریک بند کردیے، جس کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، مظاہرین کے مطابق علاقے میں پانی اور بجلی نہ ہونے کے باعث ان کی زندگی اجیرن ہوکر رہ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کی دوپہر بلدیہ ٹاؤن تین نمبر پر علاقہ مکین سڑکوں پر نکل آئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں پانی و بجلی کی عدم فراہمی کے باعث ان کی زندگی اجیرن ہوکر رہ گئی ہے ، لوڈ شیڈنگ کے باعث گھروں میں خصوصاً بزرگ افراد اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، بجلی نہ ہونے کے باعث پانی کی فراہمی بھی تعطل کا شکار ہے، جس کے باعث دور دراز علاقوں سے پانی بھر کر لانا پڑتا ہے جبکہ اس صورتحال کا ٹینکر مافیا بھی بھرپور فائدہ اٹھارہی ہے ،جس کے باعث مکینوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مظاہرین نے احتجاج کے دوران شدید نعرے بازی بھی کی ۔ ان کا مطالبہ تھا کہ ان کے علاقے میں پانی اور بجلی کی فراہمی جلد از جلد بحال کی جائے ۔ مظاہرے کے باعث حب ریور روڈ پر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں ۔ ٹریفک پولیس حکام نے گاڑیوں کو متبادل راستوں کی جانب بھیجا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مظاہرین سے مذاکرات کیے، جس کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔