پڈعیدن فوڈگودام میں ہزاروں بوری گندم جل گئی
کوٹ غلام محمد میں چولہے کی چنگاری نے غریب ہاری کا گھر راکھ کردیا
پڈعیدن،کوٹ غلام محمد(نمائندگان دنیا ) پڈعیدن کے فوڈ گودام میں اچانک آگ لگنے سے خراب پڑی چار ہزار پانچ سو بوری گندم جل کر خاکستر ہوگئی۔ واقعے کی اطلاع پر فائربریگیڈ نے پہنچ کر آ گ پر قابو پایا۔ فوڈ گودام میں موجود چوکیداروں کریم بخش خاصخیلی،عبدلواحد پھل اور محمد اسحاق سومرو نے بتایا کہ ہم گندم کی بوریاں اندر رکھ رہے تھے کہ اچانک باہر پڑی 9 سال پرانی خراب گندم کی 28 ہزار بوریوں کو آگ لگ گئی جس پر ہم نے فوری فوڈ انسپکٹر لونگ مری کو اطلاع دی ،دوسری طرف فوڈ انسپکٹر لونگ مری نے بتایا کہ ہم کورٹ گئے ہوئے تھے تو چوکیداروں نے فون کرکے آ گ لگنے کی اطلاع دی تاہم فائر بریگیڈ نے آکر آگ پر قابو پالیا، واقعے میں چار ہزار پانچ سو بوری گندم جل کر خاکستر ہوگئی ،واضح رہے کہ محکمہ خوراک کی سنگین غفلت اور لاپروائی کے باعث پڈعیدن فوڈ گودام میں 9 سال سے رکھی 13 کروڑ روپے کی 28 ہزاربوری گندم خراب ہوچکی ہے جس کا کیس ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے اور کیس کی 17 جون کو سماعت ہے ۔کوٹ غلام محمد کے قریب گوٹھ بودیوال میں غریب ہاری اجمل میگھواڑ کے گھر میں چولہے کی چنگاری نے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے سبب گھر میں رکھا تمام سامان جل کر خاکستر ہوگیا جبکہ آگ کی لپیٹ میں آکر غریب ہاری کی تین بھینسیں، دو گائے اور چار بکریاں بھی جل کر ہلاک ہوگئیں۔ گاؤں کے لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت خوفناک آگ بجھانے کی کوشش کی جو تیز ہوا کے سبب ناکام رہے جبکہ شہر سے فائربریگیڈ کی گاڑی دیر سے پہنچی جب تک تمام سامان اور جانور جل کر ختم ہو چکے تھے۔