بد ترین لوڈشیڈنگ کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے ،حافظ نعیم
حکومت اور نیپرا کی کراچی دشمنی کو بے نقاب کیا جائے گا، اسٹار گیٹ پر دھرنا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کراچی کے شہریوں کو بلا تعطل بجلی فراہم کرنے میں ناکام ہو گئی ہے ، کے الیکٹرک کی ناکامی و نااہلی وفاقی حکومت کی نا اہلی و ناکامی ہے۔ وفاقی حکومت اور نیپرا کے الیکٹرک کی سرپرستی ختم کریں۔ عوام کو بلا تعطل بجلی فراہم نہ کرنے اور معاہدے کے مطابق پیداواری صلاحیت میں اضافہ نہ کرنے پر کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی کر کے اس کا لائسنس منسوخ کیا جائے ۔ ہفتہ (آج)کو کے الیکٹرک ہیڈ آفس پر دھرنا ہو گا، جس میں وفاقی حکومت اور نیپرا کی کراچی دشمنی کو بے نقاب کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع ائر پورٹ کے تحت شہر میں سخت گرمی میں بدترین لوڈشیڈنگ، کے الیکٹرک کی نا اہلی و ناقص کارکردگی کے خلاف احتجاجی مہم اور حق دو کراچی کو تحریک کے سلسلے میںاسٹار گیٹ پر احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دھرنے سے ڈپٹی سیکریٹری جماعت اسلامی کراچی وسابق رکن سندھ اسمبلی یونس بارائی، امیر ضلع ائر پورٹ توفیق الدین صدیقی، کے الیکٹرک کمپلنٹ سیل کے انچارج عمران شاہد ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر تحریر تھا کہ کے الیکٹرک کا لائسنس ختم کرو، لوڈ شیڈنگ بند کرو، کے الیکٹرک کے مظالم اوور بلنگ، تیز میٹرسے نجات دلائی جائے۔