جامعہ اردو میں نئے لیکچررز کی بھرتیوں کیلئے تیاریاں مکمل

جامعہ اردو میں نئے لیکچررز کی بھرتیوں کیلئے تیاریاں مکمل

بھرتی سے مالیاتی ڈھانچہ متاثر، سالانہ تنخواہوں کی مد میں 50 ملین اضافہ بھی ہو جائیگا،ٹیسٹ کرانے کے فیصلے کے خلاف کئی افراد کا وفاقی محتسب اور نیب سے رجوع

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی اردو یونیورسٹی کی قائم مقام انتظامیہ نے سیکڑوں نئے لیکچررز کی بھرتی کی تیاریاں مکمل کر لیں۔ یونیورسٹی میں اعلیٰ عہدوں پر تعینات ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ قائم مقام انتظامیہ نے مالیاتی کمیٹی سے منظوری کے بغیر اور یو نیورسٹی کے آئندہ سال کے بجٹ میں نئے لیکچررز کی بھرتیوں کے فنڈز شامل کئے بغیر موجودہ اساتذہ کیلئے سلیکشن بورڈ منعقد کرانے کی آڑ میں سیکڑوں نئے لیکچررز کی بھرتی کی تیاری مکمل کر لی ہے، جس کے باعث نہ صرف یونیورسٹی کا مالیاتی ڈھانچہ بری طرح متاثر ہوگا بلکہ سالانہ تنخواہوں کی مد میں کم از کم 50 ملین روپے کا اضافہ بھی ہو جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ جامعہ انتظامیہ نے اس سلسلے میں انٹری ٹیسٹ منعقد کرانے کے لیے 1700 سے زائد افراد کو خطوط بھی جاری کر دیے ہیں۔ اس سلسلے میں چند روز قبل سندھ کے اعلیٰ سطح کے افسران نے چھاپہ مار کر یونیورسٹی میں جاری ٹیسٹ منسوخ کرا دیا تھا۔ گریڈ 18 کی پوسٹ پر لیکچررزکی تقرری کے لیے یونیورسٹی کی قائم مقام انتظامیہ کے منظور نظر افراد نے پیپر تیار کئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق نئے ٹیسٹ منعقد کرانے کے فیصلے کے خلاف متعدد افراد نے وفاقی محتسب اور قومی ادارہ برائے احتساب سے بھی رجوع کر لیا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں