مویشی منڈی میں 900 ایکڑ رقبہ پر سخت حفاظتی حصار قائم

مویشی منڈی میں 900 ایکڑ رقبہ پر سخت حفاظتی حصار قائم

بلاکس کی کیمروں سے مانیٹرنگ ہوگی، پاسز والی گاڑیوں کو داخلہ کی اجازت ہوگی،گاڑی چوری کے خدشات ختم کرنے کیلئے گارڈ تعینات کردیے، پارکنگ ٹھیکیدار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپر ہائی وے پر ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں ہفتہ کو بھی گہماگہمی رہی، سیکیورٹی کے پیش نظر منڈی کے 900 ایکڑ رقبے پر سخت حفاظتی حصار قائم کر دیا گیا ہے۔ پارکنگ ٹھیکیدار چودھری طارق کے مطابق مویشی منڈی میں سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر منڈی کے آٹھوں دروازوں کی سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، مختلف بلاکس میں کیمرے نصب کرکے مانیٹرنگ کی جائے گی، صرف پاس رکھنے والی گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارکنگ فیس میں معمولی سا اضافہ کرکے سیکیورٹی حصار کو انتہائی مضبوط بنایا گیا ہے، تعطل کے بغیر 24 گھنٹے پارکنگ ایریا میں لائٹ کا انتظام ہے تاکہ گاڑیوں کے چوری ہونے کے خدشات کو ختم کیا جا سکے، پارکنگ ایریا میں 300 سے زائد گارڈ تعینات کیے گئے ہیں۔ میڈیا ترجمان یاور رضا کا کہنا ہے کہ میڈیا کے افراد کیلئے داخلہ 24 گھنٹے مفت ہوگا، صحافی شناخت کراکر گیٹ نمبر ایک سے آسکتے ہیں اور وہ گیٹ نمبر 2 سے واپس جا سکیں گے۔ سیکیورٹی انچارج محسن شاہ کا کہنا تھا کہ شہری اپنی گاڑیوں کی حفاظت کے لیے پہلے سے پاس بنوالیں تاکہ انہیں مویشی منڈی میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ دوسری جانب قربانی کے جانور خریدنے اور دیکھنے کا شوق رکھنے والے کراچی کے منچلوں کی بڑی تعداد بھی مویشی منڈی پہنچ گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ہر سال یہاں اپنے دوستوں کے ہمراہ قربانی کے جانور خریدنے اور دیکھنے آتے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں