انجینئر ظاہر سید کے قتل کے خلاف کل یوم سیاہ کی اپیل
عملہ بازوؤں پر کالی پٹیاں باندھ کر فرائض انجام دے، انجمن اساتذہ جامعہ کراچی،سندھ حکومت قاتلوں کو فوری گرفتارکرکے سزا دے ، کراچی یونیورسٹی ٹیچرز فورم
کراچی (اسٹاف رپورٹر) انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے ڈائریکٹر عثمان انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی انجینئر ظاہر علی سید کے ڈاکوؤں کے ہاتھوں سفاکانہ قتل کی سخت مذمت کرتے ہوئے پیر (کل) کو تمام تعلیمی اداروں میں یوم سیاہ منانے کی اپیل کرتے ہوئے اساتذہ و عملے سے گزارش ہے کہ وہ اپنے فرائض بازوؤں پر کالی پٹیاں باندھ کر سر انجام دیں۔ صدر انجمن اساتذہ جامعہ کراچی ڈاکٹر شاہ علی القدر نے ایک عظیم استاد اور محقق کو دن دیہاڑے قتل کیے جانے اور اساتذہ و شہریوں کی حفاظت میں حکومت کی ناکامی پر کہا کہ ایک طرف تو اہم شخصیات کے لیے پروٹوکول کے نام پر سڑکیں بند کر کے عام افراد کی زندگی اجیرن بنا دی جاتی ہے تو دوسری طرف پروفیسر اور استاد جو قوم کے معمار ہیں انہیں دن دیہاڑے قتل کر دیا جاتا ہے۔ انجمن اساتذہ نے حکومت سندھ اور سیکیورٹی اداروں سے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو فی الفور گرفتار کر کے قرار واقعی سزا اور پروفیسر ظاہر سید کے ورثا کو 3 کروڑ روپے بطور فیملی سپورٹ ادا کیے جائیں۔ دوسری جانب کراچی یونیورسٹی ٹیچرز فورم نے انجینئر ظاہر علی سید کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت سے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔