حکومت عام آدمی کو ریلیف دینے میں ناکام ثابت، حسین محنتی

حکومت عام آدمی کو ریلیف دینے میں ناکام ثابت، حسین محنتی

آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل کے بجائے نجات حاصل کرنے کیلئے پیش قدمی کی جائے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے وفاقی بجٹ کو قرضوں کی معیشت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نئے قرض لیکر پرانے قرض و سود کی ادائیگی کی تیاری ہے، ریاست مدینہ طرز حکومت کے قیام کی دعویدار حکومت یہ تیسرا بجٹ پیش کررہی ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل کے بجائے اس سے نجات حاصل کرنے کیلئے پیش قدمی کی جائے کیونکہ آئی ایم ایف کبھی بھی ہمیں آزادانہ معیشت کی طرف بڑھنے نہیں دے گا۔ ایک بیان میں صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت تین سالہ دور اقتدار میں وعدوں کے برعکس عام آدمی کو ریلیف دینے میں ناکام ثابت ہوئی ہے، تعلیم کیلئے 91 ارب 97 کروڑ کا بجٹ ناکافی ہے، یونیورسٹیوں میں اساتذہ کو تنخواہیں بھی وقت پر ادا نہیں ہوپاتیں، حکومتی یقین دہانیوں کے باوجود گوادر یونیورسٹی کے قیام کیلئے کوئی رقم مختص نہیں کی گئی، اس وقت ملک پانی و بجلی کے بحران کا شکار ہے، پرویز مشرف نے بھاشا ڈیم کا افتتاح کیا تھا مگر تاحال اس کی تعمیر کیلئے کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے، پانی کے حوالے سے بجٹ آٹے میں نمک کے برابر ہے، زرعی پیداوار کیلئے جو رقم رکھی گئی وہ بہت کم ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں