وفاق، نیپرا کے الیکٹرک کی سرپرستی بند کرے، حافظ نعیم

وفاق، نیپرا کے الیکٹرک کی سرپرستی بند کرے، حافظ نعیم

کمپنی کا لائسنس منسوخ، عوام کی واجب الادا رقم کی واپسی یقینی بنائی جائے،کے الیکٹرک ہیڈ آفس گزری کے سامنے دھرنے سے اسامہ رضی، عمران شاہد کا بھی خطاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا ہے کہ کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کر کے قومی تحویل میں لیا جائے، بجلی کمپنی کی اجارہ داری ختم کر کے 15 سال کا فارنزک آڈٹ کیا جائے، شہر کے اسٹیک ہولڈرز کی کمیٹی بنائی جائے ، قومی اداروں سمیت عوام کی واجب الادا رقم کی واپسی یقینی بنائی جائے۔ جماعت اسلامی کے تحت شہر میں بد ترین لوڈشیڈنگ، کے الیکٹرک کی نا اہلی و ناقص کارکردگی، وفاقی حکومت اور نیپرا کی جانب سے بجلی کمپنی کی سرپرستی کے خلاف احتجاجی مہم اور حق دو کراچی کو تحریک کے سلسلے میں کے الیکٹرک ہیڈ آفس گزری کے سامنے احتجاجی دھرنے سے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت اور نیپرا کے الیکٹرک کی سرپرستی بند کرے، ہم پرامن احتجاج اور دھرنا دے رہے ہیں، لیکن انتظامیہ اور حکومت کو بتانا چاہتے ہیں کہ احتجاج کے لیے سڑکوں کا رخ بھی کر سکتے ہیں، کے الیکٹرک اور اس کے سرپرستوں کو بے نقاب کر کے رہیں گے، کے الیکٹرک انتظامیہ کو فرار کرانے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ہمارا دھرنا جاری ہے اور مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ دھرنے میں کے الیکٹرک کے ستائے ہوئے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جن میں نوجوان، بچے ، بزرگ، مختلف طبقات اور شعبہ زندگی سے وابستہ افراد نے بھی شرکت کی۔ دھرنے سے ڈاکٹر اسامہ رضی، عمران شاہد نے بھی خطاب کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں