یونیورسٹی روڈ پر لائن کی مرمت مکمل نہ ہو سکی، عوام پریشان

یونیورسٹی روڈ پر لائن کی مرمت مکمل نہ ہو سکی، عوام پریشان

وزیر بلدیات کا معائنہ ، مرمت جلد مکمل کر کے آبی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی یونیورسٹی روڈ پر جمعہ کو پانی کے پریشر سے پھٹنے والی 66 انچ قطر کی لائن کی مرمت کا کام ہفتہ کو بھی جاری رہا، 50 برس پرانی لائن کا ویلڈنگ جوائنٹ ضلع وسطی کے علاقوں کو پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے پریشر بڑھانے کے نتیجے میں اکھڑ گیا تھا، جس سے کراچی یونیورسٹی سمیت قرب و جوار کے علاقوں میں پانی پھیل گیا تھا۔ اطلاع ملتے ہی واٹربورڈ نے لائن میں چلنے والے پانی کی فراہمی معطل کردی تھی۔ ہفتہ کو لائن میں پانی خشک ہونے کے بعد مرمتی کام شروع کیا گیا، جو رات تک جاری رہا۔ واٹر بورڈ کے ذرائع کے مطابق لائن کی مرمت مکمل ہونے کے بعد رات گئے پانی کی فراہمی شروع کئے جانے کی توقع ہے۔ دوسری جانب لائن پھٹنے سے کراچی یونیورسٹی اور اطراف کے علاقوں میں بہنے والے پانی کی ہفتہ کو بھی نکاسی نہ ہو سکی، جس کی وجہ سے عوام کو پریشانی کا سامناکرنا پڑا۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے گزشتہ روز پھٹ جانے والی واٹر بورڈ کی لائن کے مرمتی کام کا معائنہ کیا اور انجینئرز کو مرمت کا کام تیز کرنے کی ہدایات دیں۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب تک مرمتی کام مکمل کر کے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ مرمتی کام میں کسی بھی قسم کی سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں