سائٹ میں ڈکیتی مزاحمت پرزخمی ہونے والا ڈاکو نکلا

سائٹ میں ڈکیتی مزاحمت پرزخمی ہونے والا ڈاکو نکلا

عرفان نامی شخص نے پولیس کو گمراہ کرنے کیلئے ڈرامہ رچایا اور غلط بیانی کی،پولیس نے زخمی کو سائٹ بی میں جھوٹا مقدمہ درج کرانے پر گرفتار کرلیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر )سائٹ بی کے علاقے میں ڈکیتی مزاحمت پر زخمی ہونے کا ڈرامہ رچانے والا شخص ڈکیت نکلا ۔ ایس ایچ او سائٹ بی زوار حسین کے مطابق 8 جون 2021 کو اکبر نامی شخص نے تھانے آکر اطلاع دی کہ رات کو علاقے میں لائٹ نہیں تھی وہ اپنے بھائی کے ہمراہ گھر کے باہر کھڑا ہوا تھا کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے لوٹ مار کے دوران فائرنگ کرکے اس کے بھائی عرفان ولد اورنگزیب کو پیٹ میں گولی مارکر زخمی کردیا، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی تو زخمی متضاد بیان دے رہا تھا، پولیس نے زخمی کو بہانے سے تھانے بلاکر سختی سے پوچھ گچھ کی تو عرفان اورنگزیب گھبرا گیا زخمی نے اپنا بیان ریکارڈ کرایا کہ واقعے کے روز وہ اپنے دوست جنید کے ساتھ گلبرگ کے علاقے میں اے ٹی ایم سے رقم نکلوانے والے شخص سے لوٹ مار کررہا تھا کہ سیکیورٹی گارڈ نے فائرنگ کردی جس سے جنید موقع پرہی ہلاک ہوگیا اور وہ زخمی ہونے کے باوجود وہاں سے بھاگ کر سائٹ بی آگیا اور پولیس کو گمراہ کرنے کے لیے ڈراما رچایا اسے ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران فائرنگ کرکے زخمی کردیا پولیس نے زخمی عرفان کو گلبرگ تھانے کے مقدمے اور سائٹ بی میں جھوٹا مقدمہ درج کرانے پر گرفتار کرلیا۔ ایس ایچ او سائٹ بی کا کہنا ہے زخمی ملزم عرفان کو سیکیورٹی گارڈ نے بھی ڈکیت کی حیثیت سے شناخت کرلیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں