پی ایس 99میں پانی کی قلت کے خلاف احتجاجی ریلی

پی ایس 99میں پانی کی قلت کے خلاف احتجاجی ریلی

شہریوں کا بینر اور مٹکوں کے ساتھ احتجاج، حکومت کے خلاف نعرے ، دھرنا،میرے حلقے کا پانی بندکردیاگیا،واٹربورڈعملہ سندھ حکومت کا غلام،حلیم عادل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کی سربراہی میں پی ایس 99میں پانی کی قلت کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے بینر اور مٹکے لے کر احتجاج کیا اور سندھ حکومت کے خلاف نعرے بھی لگائے ، احتجاجی ریلی لالاہوٹل سے شروع ہوکر مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی احسن آباد پہنچی اور چوک پر دھرنا دیاگیا۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں شہریوں نے سندھ حکومت کے خلاف احتجاج کیا اور نعرے لگائے ۔ ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہاکہ میری دشمنی میں میرے حلقے کے عوام کا پینے کا پانی بند کردیا گیا ہے ، سندھ حکومت یزیدی کردار ادا کر رہی ہے ، واٹر بورڈ اور پی پی کے ضلعی عہدیداران پانی کے ٹینکر بیچنے میں مصروف ہیں، واٹر بورڈ وزیراعلیٰ سندھ کے ماتحت ہے ، واٹر بورڈ عملہ سندھ حکومت کی غلامی کررہا ہے ۔ پی ایس 99 کراچی کا سب سے زیادہ پسماندہ علاقہ ہے ، مجھ سے دشمنی نکالیں میرے حلقے کے عوام کو کیوں سزا دی جارہی ہے ، مجھے جیل میں ڈالنا ہے یا مقدمے بنانے ہیں بنادیں، وزیراعلیٰ سندھ بدنیت اور نااہل شخص ہیں، پہلے کچھ ٹینکرز آتے تھے میں ایم پی اے بنا تو وہ بند کردیے گئے ، سندھ کو تباہ کرنے میں پی پی نے کوئی کسر نہیں چھوڑی، ایک ہفتے کا وقت دیتے ہیں پانی نہیں ملا تو اگلا احتجاج وزیراعلیٰ ہاؤس پر ہوگا، عوام کو اب سندھ حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں