تاجربرادری کوسہولیات کی فراہمی اولین ترجیح،ایڈمنسٹریٹر
لئیق احمد کی نکاٹی کے وفد کو فائراسٹیشن کے قیام کانوٹیفکیشن جاری کرنے کی یقین دہانی،کیپٹن معیز خان فائراسٹیشن کو عملہ اور پانی بھی فراہم کیا جائے گا،وفد سے گفتگو
کراچی (بزنس رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد خان نے نارتھ کراچی کے صنعتکاروں کو اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر برادری کو سہولیات کی فراہمی اور ان کے ساتھ مضبوط روابط استوار کرنا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ یہ بات انہوں نے نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری( نکاٹی) کے صدر فیصل معیز خان کی سربراہی میں ملنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ وفد میں نکاٹی کے سینئر نائب صدر شبیر اسماعیل، نائب صدر نعیم حیدر، نارتھ کراچی انڈسٹریل اینڈ مینجمنٹ کمپنی (این کے آئی ڈی ایم سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر صادق محمد ودیگر شامل تھے ۔ ایڈمنسٹریٹر لئیق احمد نے نکاٹی کے صدر فیصل معیز خان کی درخواست پر نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں آتشزدگی کے واقعات پیش آنے کی صورت میں بروقت امدادی سرگرمیاں یقینی بنانے کے لیے ’’کیپٹن معیز خان فائر اسٹیشن ‘‘کے قیام کا نوٹی فکیشن جاری کرنے اور سرکاری عملہ فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی اور واٹر بورڈ سمیت تمام ہائیڈرنٹس کو یہ ہدایات بھی جاری کیں کہ نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں آتشزدگی کا کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش آنے کی صورت میں ترجیحی بنیادوں پر ضرورت کے مطابق ’’کیپٹن معیز خان فائر اسٹیشن ‘‘کو پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ آگ پر بروقت قابو پایا جاسکے ۔نکاٹی کے صدرفیصل معیز خان نے صنعتی ایریا میں فائر اسٹیشن کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کرنے اور عملہ فراہم کرنے پر اظہار تشکر کیا۔