سندھ سالڈ ویسٹ بورڈ، حاضری لگا کر غائب ہونے والے ملازمین فارغ کرنے کا فیصلہ

سندھ سالڈ ویسٹ بورڈ، حاضری لگا کر غائب ہونے والے ملازمین فارغ کرنے کا فیصلہ

تنخواہیں حاضری کی تصدیق کے بعد ہی ادا کی جائیں گی،صفائی کے معیار میں بہتری کیلئے سینیٹری ورکرزکا ڈیٹا بیس بناناضروری ہے،متعلقہ افسران اور سی ایس آئی اس سلسلے میں حکمت عملی مرتب کرکے اس پرجلد ازجلد عملدرآمدکرے ،ایم ڈی زبیر چنہ کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ زبیر چنہ نے ضلع جنوبی اور ضلع ملیر کی چائنیز کمپنی اور متعلقہ افسران کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ صفائی کے معیار میں مزید بہتری لانے کے لئے سینیٹری ورکرزکے بنیادی مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے معیار میں بہتری اور حفاظتی مقاصد کے لئے بھی سینیٹری ورکرزکا ڈیٹا بیس بنانا ضروری ہے ۔ مزید برآں انہوں نے کہا کہ جو ملازمین کام نہیں کررہے صرف حاضری لگا کر چلے جاتے ہیں سی ایس آئی انکی نشاندہی کرے اور ایسے ملازمین کو فارغ کریں، تنخواہیں حاضری کی تصدیق کے بعد ہی ادا کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا جب تک سینیٹری ورکرز کی حاضری اور بروقت تنخواہوں کی ادائیگی کے مسائل حل نہیں ہونگے اس وقت تک صفائی میں خاطرخواہ بہتری نظر نہیں آئے گی۔ انہوں نے ضلع جنوبی کی چائنیز کمپنی چھانگی کانجی کے عہدیداران سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ سینیٹری ورکرز کو گورنمنٹ کی منظورشدہ اجرت سے کم ادائیگی کررہے ہیں اور تنخواہوں میں کٹوتیاں بھی کررہے ہیں جس کی وجہ سے سینیٹری ورکرز کی کارکردگی متاثر ہورہی ہے ۔ لہذا چائنیز کنٹریکٹرز کے بل سے تنخواہوں کے پیسے پہلے ہی کٹوتی کرکے سینیٹری ورکرز کوبروقت تنخواہوں کی ادائیگی کرنے کا معاملہ بھی زیر غور ہے اس طرح تنخواہوں کی بروقت ادائیگی سے سینیٹری ورکرز میں اعتماد بحال ہوگا اور انکی کارکردگی بہتر ہوگی دوسری جانب انکا ڈیٹابیس بھی تیار ہوتا رہے گا۔ انہوں نے چائنیز کمپنی، متعلقہ افسران اور سی ایس آئی کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں حکمت عملی مرتب کرکے اس پرجلد ازجلد عملدرآمدکریں اور رپورٹ پیش کریں۔اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشن طارق نظامانی، متعلقہ افسران اور چائنیز کمپنیزکے عہدیداران موجود تھے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں