شہریوں کی چوری شدہ کاریں آن لائن ٹیکسی سروس میں چلنے کا انکشاف

شہریوں کی چوری شدہ کاریں آن لائن ٹیکسی سروس میں چلنے کا انکشاف

بین الصوبائی کار لفٹر گینگ گرفتار ، پکڑے جانے والوں میں سرکاری ادارے کے دو اہلکاربھی شامل،گرفتارشدگان کاتعلق کراچی اوربلوچستان خضدار سے ہے ، ایس ایس پی اے وی ایل سی عارف اسلم راؤ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے شہریوں کی چوری شدہ کاریں آن لائن ٹیکسی سروس میں چلنے کا انکشاف ہوا ہے ۔ایس ایس پی اے وی ایل سی عارف اسلم راؤ نے میڈیا کو بتایا کہ کامیاب کارروائی میں کاریں چوری کرنے والا بین الصوبائی کار لفٹر گینگ گرفتار کیا ہے ، گرفتار ملزمان کاتعلق کراچی اوربلوچستان خضدار سے ہے ، گرفتار شدگان میں سرکاری ادارے کے دو اہلکاروں سمیت پانچ ملزمان شامل ہیں ،عارف اسلم راؤ نے بتایا کہ ملزمان میں ساربان عرف پپو، راشد، ریحان، راناعثمان اور سرفراز شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے مختلف علاقوں سے چوری شدہ پانچ کاریں برآمد کی گئی ہیں۔عارف اسلم را ؤنے بتایا کہ کراچی کے شہریوں کی چوری شدہ کاریں آن لائن ٹیکسی سروس میں چلتی ہیں، گرفتار ایک ملزم معروف کار کمپنی میں ٹیکسی سروس چلواتا ہے یہی نہیں بلکہ ملزمان آن لائن ٹیکسی سروس کے علاوہ رینٹ پر بھی کاریں دیتے ہیں، گرفتارملزمان میں کراچی کا کار لفٹر،بلوچستان کاخریداربھی شامل ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ تین ملزمان کو اسسٹنٹ کمشنرخضدار نے جبکہ ایک کو کراچی میں گرفتار کیا گیا، ملزمان میں دو اہم سرکاری ادارے کے ملازمین بھی شامل ہیں۔عارف اسلم راؤکا کہنا تھا کہ ملزمان کی سفاکیت کا اندازہ ایک واقعے سے لگایا جاسکتا ہے کہ رواں سال میں بلدیہ ٹاؤن میں حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوا، جاں بحق شخص کی لاش کو ایمبولینس میں روانہ کیا گیا اس دوران ملزمان حادثے کی شکارکار لے اڑے ، اور کار کو بلوچستان میں سستے داموں فروخت کردیا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں