اورنگی اور گجر نالہ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع
کراچی کے برساتی نالوں کی بحالی کا مشن منگل کو بھی جاری رہا
کراچی(اے پی پی) گجر نالہ اور اورنگی نالہ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کردیا گیا ہے ۔ گجر نالے اور اورنگی نالے پر بیک وقت تین مقامات پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا ۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن سینئر ڈائریکٹر بشیر صدیقی کی زیرنگرانی ہوا۔بشیر صدیقی نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر کراچی کے برساتی نالوں پر تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے ، آپریشن کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے رینجرز، پولیس، اینٹی انکروچمنٹ پولیس، سٹی وارڈن، لیڈی سرچر، پولیس کے آفیسرز و جوان بڑی تعداد میں موجود رہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہر ٹیم کے ساتھ علاقہ اسسٹنٹ کمشنر، کے الیکٹرک ،سوئی سدرن گیس، واٹر بورڈ اور دیگر اداروں کی ٹیمیں بھی موقع پر موجود رہیں ، کراچی کے برساتی نالوں سے تجاوزات کا بہت جلد خاتمہ کردیا جائے گا۔