مویشی منڈی ،چھٹے روز خریداروں کی تعداد میں اضافہ

مویشی منڈی ،چھٹے روز خریداروں کی تعداد میں اضافہ

چاروں صوبوں سے قربانی کے جانوروں کی بڑی کھیپ منڈی پہنچ گئی،مویشیوں اور بیوپاریوں کو پانی کی فراہمی کیلئے آبی ذخیرہ ٹینک کی تعمیرہو گئی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)عیدالاضحی پرقربانی کے جانوروں کی خریداری کے لئے سپرہائی وے سہراب گوٹھ سے متصل مویشی منڈی میں منگل کو چھٹے روز خریداروں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا۔ سندھ، بلوچستان،خیبر پختونخوا اور پنجاب سے قربانی کے جانوروں کی بڑی کھیپ منڈی پہنچ گئی۔ مارشیلنگ ایریا میں قربانی کے جانوروں سے لدے ٹرکوں کی آمد جاری ہے ۔ہررنگ ونسل کے خوبصورت گائے ، بیل، بکرا اور دنبے مویشی منڈی کی زینت بن گئے ہیں۔ کمرشل پٹی،وی وی آئی پی پنڈال، سیمی وی آئی پی پنڈال،وی آئی پی پٹی، ہوٹل اور قناتوں کی سہولت دینے کے خواہشمندوں کی اسٹال بکنگ کرانے کیلئے قطاریں بھی دیکھنے میں آرہی ہیں۔مویشی منڈی کے ترجمان یاور رضا چاؤلہ نے بتایا کہ مویشیوں اور بیوپاریوں کو 24 گھنٹے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے پانی ذخیرہ ٹینک کی تعمیرہو گئی ہے ، ٹینک میں بیک وقت ہزاروں ٹن لٹرپانی ذخیرہ کیا جاسکے گا ، پانی کے ڈرم کی قیمت گزشتہ سال کی طرح 2500 مقررکی گئی ہے ، ڈرم میں پہلے سے زیادہ 165 کے بجائے 210 لٹر پانی رکھنے کی گنجائش ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہرسال کی طرح رواں برس بھی 6لاکھ سے زائد قربانی کے جانوروں کی گنجائش رکھی گئی ہے، مویشی منڈی سے متصل رہائشیوں کو ہرممکن سہولت اور سیکورٹی فراہم کی جارہی ہے، رہائشیوں کو پاسز بھی جاری کردیئے جبکہ لوڈر گاڑیوں کواندر رسائی کی اجازت ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں