حکمرانوں نے عوام کے حقوق سلب کرلیے ،پی ایس پی

حکمرانوں نے عوام کے حقوق سلب کرلیے ،پی ایس پی

اربوں روپے کے بجٹ کے باوجود اسپتال ڈاکٹرز اور دواؤں سے محروم ہیں،کتے کے کاٹنے کی ویکسین کی عدم دستیابی حکومتی بے حسی ہے ،شبیر قائم خانی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاک سر زمین پارٹی کے مرکزی وائس چیئرمین اور سندھ کونسل کے صدر شبیر قائم خانی نے کراچی اور سکھر میں معصوم بچوں کو کتے کے کاٹنے کے بڑھتے ہوئے واقعات اور سرکاری اسپتالوں میں کتے کے کاٹنے کی ویکسین کی عدم دستیابی پر گہری تشویش اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے پیپلزپارٹی کی کرپٹ سندھ حکومت کی بے حسی اور نااہلی کی بدترین مثال قرار دیا۔ پاکستان ہاؤس سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے دعوے تو بہت کئے جاتے ہیں لیکن اس کے برعکس سرکاری اسپتالوں میں اینٹی ریبیز ویکسین نہ ہونے اور فوری طبی امداد و علاج معالجے کی سہولیات نہ ہونے کے باعث مریض دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے عوام کے تمام حقوق سلب کیے ہوئے ہیں۔ سندھ میں پہلے ہی کورونا، کانگو وائرس، ایڈز، نگلیریا، ڈینگی اور دیگر جان لیوا موذی امراض پھیلے ہوئے ہیں لیکن اربوں روپے کے بجٹ کے باوجود اسپتال ڈاکٹرز اور ادویات سے محروم ہیں۔ سندھ حکومت نے عوام کو کتوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے ۔ انہوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سندھ بھر میں بڑھتے سگ گزیدگی کے واقعات کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات کرے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں