یتیم خانے میں 16سالہ لڑکی سے زیادتی کا ملزم گرفتار

یتیم خانے میں 16سالہ لڑکی سے زیادتی کا ملزم گرفتار

ملزم مہدی کشمیر روڈ کے قریب واقع یتیم خانے میں اکاؤنٹنٹ ہے،جمشید کوارٹرز پولیس نے مقدمہ لڑکی کی خالہ کی مدعیت میں درج کیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پولیس نے کشمیرروڈ کے قریب واقع یتیم خانے میں 16 سالہ لڑکی سے زیادتی کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا، گرفتارملزم یتیم خانے کا اکاؤنٹنٹ ہے ۔تفصیلات کے مطابق جمشید کوارٹرز پولیس نے زہراہومز میں 16سالہ لڑکی کے ساتھ زیادتی کرنے والے یتیم خانے کے اکاؤنٹنٹ مہدی کو گرفتار کرلیا۔واضح رہے کہ پیرکی شب پولیس نے متاثرہ لڑکی کی خالہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تھا، جس میں مدعیہ مقدمہ سلمیٰ نامی خاتون نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ اس کی ہمشیرہ اور بہنوئی کے انتقال کے بعد ان کی اکلوتی بیٹی کو 10 سال قبل یتیم بچوں کی کفالت کے ادارے میں داخل کرایا تھا اب میری بھانجی کی عمر 16 سال کے قریب ہے اور ہم ہر ماہ باقاعدگی سے اس سے ملنے جاتے ہیں،مدعیہ کا کہنا ہے کہ وہ 13 جون کو اپنی بھانجی سے ملنے ہاسٹل گئی تو بھانجی نے مجھے روتے ہوئے بتایا کہ 26 مئی کی دوپہر 3بجے کے قریب ہاسٹل کے اکاؤنٹنٹ مہدی نے مجھے بہانے سے اپنے کمرے میں بلا کر ڈرا دھمکا کر میرے ساتھ زبردستی کی اور مجھے کہا کہ کسی کو مت بتانا،مدعیہ کے مطابق بھانجی کے اس انکشاف کے بعد وہ اپنی بھانجی و دیگر کے ہمراہ رپورٹ کے لیے آئی ، میرا دعویٰ اکاؤنٹنٹ مہدی پر میری بھانجی کے ساتھ زبردستی ڈرا دھمکا کر زیادتی کرنے کا ہے لہٰذا قانونی کارروائی کی جائے جس پر جمشید کوارٹرز پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم مہدی کو گرفتار کرلیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں