الخدمت آرفن فیملی سپورٹ پروگرام کے تحت واک کا انعقاد
ماحولیات سے آگہی کیلئے بچوں کی وائی ایم سی اے سے پریس کلب تک ریلی،بچوں کا مستقبل بہتر بنانے کیلئے کراچی کو گرین بنانا ہوگا، رکن اسمبلی عبدالرشید
کراچی (اسٹاف رپورٹر) الخدمت کے آرفن فیملی سپورٹ پروگرام کے تحت ماحولیات کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے باہمت بچوں کے ساتھ ماحولیات سے متعلق شعور وآگہی کیلئے منگل کووائی ایم سی اے سے کراچی پریس کلب تک ایک واک کا اہتمام کیا گیا ،جس میں لیاری سے تعلق رکھنے والے بچوں ، ان کی ماؤں اور سرپرستوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔ واک کی قیادت رکن سندھ اسمبلی وامیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی سید عبد الرشیدنے کی۔ اس موقع پر سینئر منیجر آرفن فیملی سپورٹ پروگرام الخدمت عنایت اللہ اسماعیل بھی موجود تھے ۔ واک میں بچوں نے گرین کراچی کے سلوگن والے بینر اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے اور وہ کراچی کو سرسبز اور خوبصورت بنانے کے حوالے سے نعرے لگا رہے تھے ۔ اس موقع پرواک میں شریک بچوں اور ان کے سرپرستوں سے خطاب کر تے ہوئے سید عبد الرشید نے کہا کہ اگر بچوں کا مستقبل بہتر بنا نا ہے تو کراچی کو گرین بنا نا ہوگا ۔ ماحول کو بہتر بنانے کیلئے کاوشیں کرنا ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ اچھے ماحول کے شخصیت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔ہمیں اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا اور انسان دوست بنانا ہو گا۔ یہ اسی وقت ممکن ہوگا ،جب ہم اپنے شہر و ملک سے پیار کریں گے اور ماحول کو بہتر بنانے کی کوشش کریں گے ۔شجرکاری سے ماحول کو خوبصورت بنایا جا سکتا ہے ،سرسبز وشاداب کر اچی وقت کی اہم ضرورت ہے ۔