ایکسپو سینٹر میں چین سے آنے والی ویکسین کی قلت، نوجوان ویکسی نیشن کے بغیر لوٹنے لگے
سائنو فارم، سائینوویک اور کینسائنو ویکسین موجود نہیں ،40برس سے زائد افراد کو ایسٹرازینیکا ویکسین لگائی جارہی ہے،طبی عملہ،بلدیہ عظمیٰ کے پانچ اسپتالوں میں ویکسی نیشن سینٹر قائم
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایکسپو سینٹر کراچی میں چین سے آنے والی ویکسین کی قلت پیدا ہو گئی،ای پی آئی حکام کا کہنا ہے کہ وفاق کی جانب سے نئی ویکسین کی فراہمی میں رکاوٹ ہو گئی ہے ، نوجوان ویکسی نیشن کے بغیر واپس لوٹنے لگے ۔ایکسپو سینٹر کراچی میں چین سے آنے والی ویکسین کی قلت ہونے سے صرف 40برس سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جارہی ہے۔ ایکسپوسینٹر کراچی میں تعینات طبی عملے کا کہنا ہے کہ سائنو فارم، سائینوویک اور کینسائنو ویکسین موجود نہیں ہے جب کہ 40برس سے زائد افراد کو ایسٹرازینیکا ویکسین لگائی جارہی ہے۔ ای پی آئی حکام کا کہنا ہے کہ وفاق کی جانب سے نئی ویکسین کی فراہمی میں رکاوٹ ہو گئی ہے،دوسرے سینٹرز سے چین کی ویکسین منگوا کر لگوانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دوسری جانب ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے پانچ اسپتالوں میں کوویڈ 19 ویکسی نیشن سینٹر قائم کردیئے گئے ہیں لہٰذا شہری ان مراکز میں اپنے اصل شناختی کارڈ سمیت آئیں اور کورونا سے حفاظت کے لئے فوری ویکسی نیشن کرائیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے جن اسپتالوں میں یہ مراکز قائم کئے گئے ہیں ان میں سرفراز رفیقی شہید اسپتال، نیو چالی، عباسی شہید اسپتال ناظم آباد، کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج نارتھ ناظم آباد، اسپنسر آئی اسپتال لی مارکیٹ اور لانڈھی میڈیکل کمپلیکس شامل ہیں جبکہ دیگر اسپتالوں میں بھی جلد ویکسی نیشن سینٹر قائم کئے جا رہے ہیں۔ ویکسی نیشن مراکزکے قیام کے بعد پہلے دن شہریوں کی بڑی تعداد نے ان مراکز سے رجوع کیا اور ویکسی نیشن کرائی۔