کورنگی کازوے کی سڑکیں کچراکنڈی میں تبدیل

کورنگی کازوے کی سڑکیں کچراکنڈی میں تبدیل

سیکڑوں ٹرک ملبہ وکچرے کاڈھیر،مردہ جانور بھی ندی میں پھینکے جارہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ملیر ندی کورنگی کازوے کی دونوں سڑکوں کو مختلف مافیاز نے کچرا وملبہ پھینکنے والی جگہ بنادیا ۔ عیدالفطر کے بعد سیکڑوں ٹرک ملبہ وکچرا لاکر کازوے کی دونوں سڑکوں اورندی کے مختلف حصوں میں ڈھیرکردیاگیا جس سے مون سون کی تیز بارشوں کے دوران ندی سے گزرنے والے پانی کانہ صرف بہائومتاثر ہوگا بلکہ ندی میں بنی ہوئی سڑک بھی بری طرح متاثر ہوگی جوکہ گزشتہ بارشوں میں ہونے والی ٹوٹ پھوٹ کے بعد تاحال نہیں بنی ہے، ندی میں کچرا وملبہ کے ٹرک پھینکے جانے کے بعد اب مرے ہوئے جانور بھی پولیس کی غفلت کے باعث ندی میں لاکر پھینکے جارہے ہیں ، پابندی کے باوجود خود سالڈ ویسٹ ڈپارٹمنٹ و پرائیویٹ پارٹیاں عمارتی ملبہ وکچرا لاکر ندی میں ڈمپ کررہی ہیں ۔ عمارتی ملبہ اسی طرح کازوے میں ڈھیر کیاجاتا رہا تو کچھ عرصے میں کازوے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوجائے گی جبکہ بعض حلقوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ندی کے مختلف حصوں میں کچرا وملبہ ڈال کر زمین کو رہائشی اسکیم کے لئے ہموار کیاجارہاہے۔ اس سلسلے کی ایک کوشش سابق کمشنر کراچی شعیب صدیقی کے دور میں ناکام بنائی جاچکی ہے جب ندی میں کازوے کی سڑک سے متصل ایک مقام پر چاردیواری تعمیر کی جاچکی تھی جسے روزنامہ دنیا میں خبروں کی اشاعت کے بعد مسمار کردیاگیا تھا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں