کالج پرنسپلز کو ماسک اور سینیٹائزر حاصل کرنے کی ہدایت
انٹر امتحانات سخت ایس او پیز کے ساتھ کرائے جائیں،محکمہ ڈائریکٹر جنرل کالجز ،امتحانات میں تقریباً ایک لاکھ 12 ہزار 600 طلبہ و طالبات شریک ہوں گے
کراچی (رپورٹ: کفیل الدین فیضان ) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے 26 جولائی سے بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے حوالے سے ڈائریکٹر جنرل کالجز کی جانب سے سخت ایس او پیز کے ساتھ امتحانات کرانے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔ حکومت سندھ کے محکمہ ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ کی جانب سے کراچی ریجن کے تمام کالجوں کے پرنسپلز کو ایک مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انٹر کے امتحانات شروع ہونے سے قبل ماسک اور سینی ٹائزر لازمی قرار دیا گیا ہے ۔مراسلہ کے مطابق ڈی جی کالجز سندھ پروفیسر غلام مصطفی چارن کی جانب سے کراچی ریجن کے کالجوں کے پرنسپلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق کالجوںمیں آنے والے تمام اساتذہ و طلباو طالبات کو امتحانی مرکز میں داخل ہونے سے پہلے ماسک اور سینیٹی ٹائزر کا استعمال لازمی کرائیں۔غلام مصطفی چارن کی جانب سے مراسلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ کراچی ریجن کے تمام کالجوں کے پرنسپلز کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ بورڈز سے 23 اور 24جولائی تک ماسک اور سینیٹائزر حاصل کرلیں۔واضح رہے کہ 26 جولائی سے انٹر کے امتحانات کا آغاز ہورہا ہے ،جس میں تقریباً ایک لاکھ 12 ہزار 600 طلبہ و طالبات شریک ہوں گے کراچی کے امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ144نافذ کر دی گئی ہے جبکہ مجموعی طور پر 66 امتحانی مراکز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے ۔