بلدیہ کورنگی نے عیدالاضحی کا ہنگامی پلان تیار کرلیا

بلدیہ کورنگی نے عیدالاضحی کا ہنگامی پلان تیار کرلیا

عوامی شکایات کے ازالے کے لئے ضلع میں مرکزی کنٹرول روم کا قیام ،آلائشوں کو کھلے مقام یا مقررکردہ پوائنٹس تک پہنچا ئیں،ڈپٹی کمشنر کورنگی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ کورنگی نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے تعاون سے عید الاضحی کنٹی جنسی پلان تشکیل دے دیا ،ضلع حدود میں قائم شاہ فیصل ،ملیر ماڈل ،کورنگی اور لانڈھی زونز میں یونین کمیٹیز کے سطح پر کلکشن پوائنٹس قائم ،اجتماعی قربان گاہوں اور علاقائی سطح سے آلائشوں کو اُٹھا نے کے لئے ہنگامی پلان ترتیب دیا گیا ہے بروقت عوامی شکایات کے ازالے کے لئے ضلع کورنگی میں مرکزی کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایا گیا جس کا فون نمبر 021-99333926اور موبائل نمبر 0304-2695496 اور 0331-0221366 ہے ۔ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کورنگی عرفان سلام میروانی نے کہا کہ بلدیہ کورنگی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ عید الاضحی کنٹی جنسی پلان پر مشترکہ آپریشن انجام دیکر ضلع کورنگی کی حدود سے قربانی کے جانوروں کی آلائشوں برق رفتاری کے ساتھ اجتماع گاہوں اور گلی محلوں سے اُٹھا کر لینڈ فل سائٹ پر محفوظ انداز میں مدفون کرینگے ۔انہوں نے ضلع کورنگی کی عوام سے اپیل کی کہ وہ عید قرباں پر صحت مند ماحول کے قیام میں بلدیہ کورنگی کا ساتھ دیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومتی گائیڈ لائنز پر مکمل عملد رآمد کیا جائے ، آلائشوں کو کھلے مقام یا مقررکردہ پوائنٹس تک پہنچا ئیں، برساتی نالوں اور سیوریج لائنوں میں آلائشیں ہر گز نہ ڈالی جائے ۔ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کورنگی عرفان سلام میروانی نے کہاکہ عوامی تعاون کے ذریعے عید قرباں پر صاف ستھرا اور صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنا ئیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں