شاہراہوں اور حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے خراب، جرائم پیشہ افراد کو کھلی چھوٹ

شاہراہوں اور حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے خراب، جرائم پیشہ افراد کو کھلی چھوٹ

ٹریفک کی روانی میں بھی خلل،تفتیشی افسران کو کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم سے ملزمان کی فوٹیج حاصل کرنے میں ناکامی،کیمروں کی خرابی کا خمیازہ شہریوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے ،پولیس اہلکار

کراچی(رپورٹ:محمد کاشف نعیم)پہلی بارش کے بعد سندھ پولیس کے تحت شہر کی شاہراہوں اور حساس مقامات پر لگے سی سی ٹی وی کیمرے خراب ہوگئے ،تاہم ایک ہفتے سے زائدگزر جانے کے باوجود کراچی پولیس کیمرے درست کرنے میں ناکام ہے ،کیمروں کی خرابی کے باعث نہ صرف ٹریفک کی روانی میں خلل ہے بلکہ جرائم پیشہ عناصر کو بھی کھلی چھوٹ مل گئی ۔ تفصیلات کے مطابق بارش کے بعد شہر کی اہم شاہراہوں اور حساس مقامات پر سندھ پولیس کی جانب سے لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمرے خراب ہیں۔ واضح رہے کہ سابق سٹی ناظم مصطفی کمال نے اپنے دور میں اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے لگواکر کراچی سوک سینٹر میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم قائم کیا تھا جس کی افادیت کو دیکھتے ہوئے پولیس نے مذکورہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کا کنٹرول اپنی تحویل میں لیکر اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کو تعینات کردیا تھا ،اس ضمن میں پولیس کے انویسٹی گیشن افسر نے بتایا کہ ہم نے اسٹریٹ کرائم کے تحت درج مقدمات کے بعد ملزمان کی فوٹیج کیلئے جب سوک سینٹر کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم سے رابط کیا تو انہوں نے بتا یا کہ بارش کے باعث کیمرے خراب ہیں جبکہ ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کا بھی کہنا ہے کہ اہم شاہراہوں پر جیسے ہی ٹریفک کی روانی میں خلل پڑتی تھی ہمیں کمانڈ اینڈ کنٹرول سے کال آجاتی تھی لیکن اب ایسا نہیں جسکا خمیازہ شہریوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں