شادی کی تقریب سے لاپتہ بچی کی لاش کھیت سے ملی

شادی کی تقریب سے لاپتہ بچی کی لاش کھیت سے ملی

سالے بہنوئی کے جھگڑے میں راہگیرہلاک،جھڈو میں خاتون کی خودکشی

پڈعیدن،اندرون سندھ (نمائندگان دنیا ) پڈعیدن کے نواحی گاؤں عبدالخالق راجپر میں درندہ صفت افراد نے چھ سالہ معصوم بچی کو تشدد کے بعد بے دردی سے قتل کرکے لاش کیلے کے باغ کے قریب پھینک دی۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق بچی کو تشددکے بعد گلا دبا کر قتل کیا گیا ہے ۔ بچی کے ورثا کے مطابق بچی شادی کی تقریب سے لاپتہ ہوگئی تھی اور صبح لوگوں نے بتایا کہ کیلے کے باغ کے قریب بچی کی لاش پڑی ہے ۔محراب پور میں مورو پولیس کے مطابق مورو باندھی روڈ کے کراچی اسٹاپ کے مقام پر کورائی برادری کے سالے بہنوئی آذان کورائی اور شاہد کورائی کے جھگڑے میں فائرنگ سے راہگیر مدد جویو جاں بحق اورسجاد حسین زخمی ہوگیا۔ علاوہ ازیں گاؤں سمندر خان ڈومکی میں طلاق مانگنے پر طالب جکھرانی نے اپنی بیوی صورت زادی کو سسرال میں گھس کر فائرنگ کرکے قتل کردیا ۔ کھپرو سے نمائندے کے مطابق عید کی رات اللہ بچایو کنبھار کھپرو سے اپنے گھر جارہا تھا کہ ٹوٹے روڈ پر سامنے سے آنے والی گاڑی نے ٹکر ماردی جس سے نوجوان موقع پر ہلاک ہو گیا ۔ہالا کے علاقے بھٹ شاہ کے قریب قومی شاہراہ پر تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 40سالہ جنگل ہلاک اور اس کا ساتھی زبیر زخمی ہوگئے ۔دونوں افراد درگاہ شاہ لطیف پر حاضری دینے کیلئے آئے تھے ۔ دریں اثنا نیو سعیدآباد کے قریب قومی شاہراہ پر تیز رفتار مسافر کوچ کی ٹکر سے گشت پر مامور پولیس موبائل میں سوار3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ۔ شاہپور چاکرسے نمائندے کے مطابق جمڑائو کینال میں 24 سالہ ساجن میگھواڑ ڈوب کر جاں بحق ہوگیا جس کی لاش اسسٹنٹ کمشنر جاید احمد ڈاھری کی زیرنگرانی دو گھنٹے کے ریسکیو آپریشن کے بعد بیگماں واٹر کے مقام سے ملی۔جھڈو کے نزدیکی گاؤں دوست محمد اوٹھو کے رہائشی شنکر کولہی کی 19 سالہ بیوی جمکی نے مبینہ طور پرگھریلو ناچاقی کے سبب گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی ،رورل ہیلتھ سینٹر جھڈو میں 18 گھنٹے کے طویل انتظار کے بعد لاش کا پوسٹ مارٹم کیا گیا ۔سیہون کے نواحی علاقے بوبک آبسانی لنک روڈ پر 3 مسلح افراد کی پولیس موبائل پر فائرنگ سے ایک اہلکار منور موریو شدید زخمی ہوگیا جسے اسپتال منتقل کردیا گیا ۔ ڈی ایس پی سیہون دلدار سومرو کے مطابق شہری سے موٹرسائیکل چھینے جانے کی اطلاع پرپولیس موقع پر پہنچی تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی۔دریں اثنا سیہون کے نواحی علاقے بھان سیدآباد میں رودنانی برادری کے دو گروپوں کے درمیان رشتے داری کے تنازع پر تصادم میں ڈنڈے ، کلہاڑیاں اور لاٹھیاں چلنے سے 10 افراد زخمی ہوگئے ۔جیکب آباد کے قریب راستے سے گزرنے کے معاملے پر بنگلانی اور بروہی برادری کے درمیان تصادم میں چار افراد زخمی ہوگئے ۔پنگریو ٹنڈوباگوروڈپروین اورموٹرسائیکل کے تصادم میں غلام منگنہارنامی شخص ہلاک اور اس کا بیٹا مہتاب شدید زخمی ہوگیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں