سچل میں قربانی کے بھینسے پر فائرنگ کے 8 ملزمان گرفتار
مالک نے ناتجربہ کار قصائی بلوایا جو بھینسے کو سنبھال نہ سکا اور جانور بھاگ گیا،مقدمے میں اینیمل ایکٹ سمیت دیگر دفعات بھی شامل کی گئی ہیں، پولیس
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سچل کے علاقے میں گزشتہ روز فائرنگ کر کے قربانی کے بھینسے کو ذبح کرنے والے افراد کے خلاف اینیمل ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا، فائرنگ کرنے والے 8 افراد کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز قربانی کے بھینسے کو فائرنگ کر کے ذبح کرنے والوں کے خلاف سچل تھانے میں مقدمہ درج اور ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ جانور کے مالک نے ناتجربہ کار قصائی بلوایا جو بھینسے کو سنبھال نہ سکا اور جانور رسیاں تڑوا کر بھاگ گیا۔ مقدمے میں کہا گیا کہ جانور قابو میں نہ آیا تو مالک نے مسلح ساتھیوں کی مدد لی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والے بیشتر مسلح افراد کو شناخت کے بعد گرفتار کرلیا گیا، بیشتر مسلح افراد کے پاس اسلحے کے لائسنس تھے۔ پولیس کے مطابق مقدمے میں اینیمل ایکٹ سمیت دیگر دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔ یاد رہے کہ مذکورہ واقعہ گزشتہ روز سپر ہائی وے سے متصل ہاؤسنگ سوسائٹی میں پیش آیا جب قربانی کا جانور بے قابو ہو کر دوڑ پڑا، بپھرے بھینسے کو قابو کرنے کی ناکام کوششوں کے بعد اسے گولیاں ماری گئیں۔ جانور کے مالک اور اہل علاقہ نے کلاشنکوف، رپیٹر اور ٹی ٹی کے ذریعے بھینسے کو نشانہ بنایا اور کھلے عام فائرنگ کرتے رہے، ٹانگ پر گولی لگنے سے بھینسا زخمی ہوگیا۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے گزشتہ روز ہی کارروائی کی اور ویڈیو میں دکھائی دینے والے 8افراد کو گرفتار کرلیا ۔