شفیق موڑ پر تیز رفتار گاڑی نے راہگیر خاتون کو کچل دیا

شفیق موڑ پر تیز رفتار گاڑی نے راہگیر خاتون کو کچل دیا

آئی سی آئی پل کے قریب اور خیابان راحت میں حادثات میں جویریہ اور سکندر چل بسے ،گلشن معمار میں گاڑی کی ٹکر سے احمد،بلدیہ ٹاؤن میں کرنٹ سے 3 سالہ بچہ جاں بحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عید کے تین دنوں میں شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات و دیگر واقعات میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق فشری ویسٹ و ہارف روڈ آئی سی آئی پل کے قریب موٹر سائیکل سوار 2 افراد کوتیز رفتار ٹریلر نے روند ڈالا، حادثے کے نتیجے میں 40 سالہ سکندر و لد محمد عمرا ن موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 48 سالہ صدیق شدید زخمی ہوگیا۔ڈی ایچ اے فیز7 خیابان راحت میں موٹر سائیکل سوار میاں بیوی کو تیز رفتار گاڑی نے روند ڈالا، حادثے کے نتیجے میں 20 سالہ جویریہ زوجہ سلمان موقع پر ہی جاں بحق جبکہ شوہر 25 سالہ سلمان شدید زخمی ہوگیا۔ شفیق موڑ کے قریب سڑک عبور کرنے والی 55سالہ راہگیر خاتون شاہین زوجہ صغیر احمد کو تیز رفتار گاڑی نے کچل دیا۔ سپر ہائی وے کوئٹہ ٹاؤن کے قریب 35سالہ راہگیر فرحان ولد سلطان کو تیز رفتار گاڑی نے روند دیا۔ بلوچ کالونی کے علاقے میں تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا۔متوفی کی شناخت 40 سالہ محمد عمران ولد عبدالستار کے نام سے کی گئی۔ کورنگی کراسنگ کے قریب تیز رفتار گاڑی نے سڑک عبور کرنے والے 65 سالہ نامعلوم شخص کو کچل دیا۔گلشن معمار کے علاقے میں پہاڑی والے مزار کے قریب ٹریفک حادثے میں 17 سالہ احمد ولد اسحاق جاں بحق ہوگیا۔ لانڈھی داؤد چورنگی کے قریب سوئمنگ پول میں نہاتے ہوئے 15 سالہ لڑکا ڈوب کر جاں بحق ہوگیا ۔ بلدیہ ٹاؤن سیکٹرڈی 12میں عبداللہ مسجد کے قریب کرنٹ لگنے سے 3 سالہ صدیق ولد ابراہیم چل بسا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں