مرحوم ممتاز بھٹو کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی
گورنر کی آمد کے وقت بھٹو ہاؤس جانے والے تمام راستوں پر پولیس اہلکار تعینات
لاڑکانہ،نوڈیرو(بیورورپورٹ،نمائندہ دنیا)بزرگ سیاستدان، قوم پرست رہنما مرحوم نواب سردار ممتاز علی خان بھٹو کے ایصال ثواب کیلئے گزشہ روز قرآن خوانی کی گئی، قرآن خوانی کے بعد درگاہ عالیہ بھرچونڈی شریف کے گدی نشین فقیر میاں عبدالخالق بھرچونڈی نے خصوصی دعا کرائی، دعا میں جے یو آئی رہنما علامہ راشد محمود سومرو، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، درگاہ عالیہ امروٹ شریف کے سجادہ نشین سید حسن محمود شاہ امروٹی سمیت اہم شخصیات اور سیاسی و سماجی رہنمائوں نے شرکت کی۔ دوسری جانب نواب امیر بخش خان بھٹو اور نوابزادہ علی حیدر خان بھٹو سے گورنر سندھ عمران اسماعیل ،جسقم کے چیئرمین صنعان خان قریشی، ڈاکٹر نیاز کالانی سمیت دیگر سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات نے میرپور بھٹو پہنچ کر تعزیت کی اور دکھ کا اظہار کیا۔نوڈیرو سے نمائندے کے مطابق گورنر سندھ کے ہمراہ رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ اور سینیٹر سیف اللہ ابڑو بھی موجود تھے ،گورنر کی آمد کے وقت سیکیورٹی کے انتظامات کو سخت رکھا گیا،بھٹو ہاؤس میر پور جانے کے تمام راستوں پر پولیس اہلکار تعینات تھے ، گورنر کے آنے سے قبل اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے بھی میرپور بھٹو پہنچ کر مرحوم ممتاز بھٹو کی وفات پر نوابزادہ امیر بخش بھٹو اور نوابزادہ علی حیدر بھٹو سے تعزیت کر کے گہرے رنج اور غم کا اظہار کیا۔