اجتماعی قربانی،کھالوں کا عطیہ الخدمت پراعتماد کا مظہر ، حافظ نعیم

اجتماعی قربانی،کھالوں کا عطیہ الخدمت پراعتماد کا مظہر ، حافظ نعیم

ڈالر کی قیمت میں اضافے کے ساتھ کھالوں کی قیمت میں بھی اضافہ ہونا چاہئے،عید پر جماعت اسلامی اورالخدمت کے تحت اجتماعی قربانی،مہم چرم کے مراکز کا دورہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ اہل کراچی کی جانب سے جماعت اسلامی اور الخدمت کے تحت ہر سال اجتماعی قربانی میں بھرپور شرکت اور قربانی کی کھالوں کا عطیہ الخدمت پر اہل کراچی کے بھر پور اعتماد کا مظہر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید الاضحی کے پہلے اور دوسرے دن ضلع وسطی، ضلع شرقی، ضلع ائر پورٹ، ضلع کورنگی اور ضلع جنوبی میں جماعت اسلامی اور الخدمت کے تحت قائم اجتماعی قربانی اور مہم چرم قربانی کے مراکز کا دورہ ، میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم نے مزید کہا کہ الخدمت واحد ادارہ ہے جس کے پاس سالانہ حسابات کا آڈٹ موجود ہے ،کراچی میں 200 سے زائد مقامات پر جماعت اسلامی اور الخدمت کے تحت اجتماعی قربانی کی گئی، جانوروں کی کھال کی قیمت مسلسل کم کی جا رہی ہے، حکومت جس طرح گنے کی قیمت متعین کرتی ہے اسی طرح کھالوں کی قیمت بھی متعین کرے۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے کے ساتھ کھالوں کی قیمت میں بھی اضافہ ہونا چاہئے۔ اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے مصروف عمل کارکنوں اور رضاکاروں سے ملاقاتیں کیں، ان کے جذبے و حوصلے کو سراہا اور سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ عوام کے تعاون سے ہی کراچی میں الخدمت کے تحت چلائے جانے والے پروجیکٹس ، صحت، تعلیم، روزگار ، صاف پانی سمیت زندگی کے مختلف شعبہ جات کی سرگرمیاں جاری ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں