ایڈمنسٹریٹر کا عباسی اسپتال کا دورہ، غفلت پر انچارج ریڈیالوجی اور ہاؤس آفیسرز معطل

ایڈمنسٹریٹر کا عباسی اسپتال کا دورہ، غفلت پر انچارج ریڈیالوجی اور ہاؤس آفیسرز معطل

عملے کی غیرحاضری پربرہمی،کئی ڈاکٹرز کو نوٹس، جو بھی ڈاکٹرز یا عملہ ڈیوٹی نہیں دے گا اس کیخلاف سخت کارروائی ہوگی، لئیق احمد،ڈیوٹی نہ دینے والوں کی ڈگری معطل کرنے کی درخواست کرینگے، ضرورت کے مطابق عملہ دیگر اسپتالوں سے طلب کرنے کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے جمعہ کومیٹروپولیٹن کمشنر دانش سعید کے ہمراہ عباسی شہید اسپتال میں قائم کوویڈ19 وارڈ کا اچانک دورہ کیا اور وارڈ کی صورتحال و عملے کی غیر حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ اس موقع پرعدم دلچسپی پر انچارج ریڈیالوجی ڈاکٹرمبارک جبکہ متعدد پوسٹ گریجویٹ اور ہاؤس آفیسرز کو بھی معطل کردیا گیا، جبکہ کئی ڈاکٹرز کو اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کردیئے گئے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ جو پوسٹ گریجویٹ اور ہاؤس آفیسرز ڈیوٹی پر نہیں ہوں گے انہیں ملازمت سے فارغ کردیا جائے گا اور متعلقہ ادارے سے ان کی ڈگری معطل کرنے کی درخواست کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ضرورت کے مطابق ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو کے ایم سی کے دوسرے بڑے اسپتالوں سے فوری طلب کیا جائے اور ان کی یہاں ڈیوٹی لگائی جائے، موجودہ صورتحال میں ہمیں عباسی شہید اسپتال کے کوویڈ وارڈ کو ہر صورت میں فوری فعال کرنا ہے تاکہ کراچی کے شہریوں کو یہاں ہمہ وقت مکمل طبی سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عیدالاضحی کے بعد کوویڈ کے مریضوں میں اضافہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، اس لئے حکومت نے بھی فوری طور پر مختلف احتیاطی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ موجودہ صورتحال میں اس اہم اسپتال کے کوویڈ وارڈ کو فوری فعال کرنا ضروری ہے اور اس میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی یا بہانہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوویڈ میں مبتلا مریضوں کو خدمات فراہم نہ کرنے والے ڈاکٹرز اپنے حلف کی پاسداری نہیں کررہے، لہٰذا ان کی خدمات کی بھی ہمیں ضرورت نہیں، جو لوگ وارڈ چلانا نہیں چاہتے یا مختلف وجوہات بیان کر رہے ہیں انہیں بھی عباسی شہید اسپتال میں کام کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت اہم اور سنجیدہ معاملہ ہے، کراچی میں کورونا وبا کی بڑھتی ہوئی سطح کے پیش نظر شہر کے تمام اسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ ہے، ایسے حالات میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اسپتال اگر اپنی خدمات پیش نہیں کریں گے تو یہ شہریوں کے ساتھ انتہائی زیادتی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی ڈاکٹرز یا پیرامیڈیکل اسٹاف اپنی ڈیوٹی انجام نہیں دے گا اسے ملازمت سے فارغ کرنے سمیت سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں