ملیر میں آصف علی زرادری کی سالگرہ پر تقریب کا انعقاد

ملیر میں آصف علی زرادری کی سالگرہ پر تقریب کا انعقاد

پیپلز پارٹی کے ارکان سندھ اسمبلی اور رہنماؤں سمیت کارکنوں نے شرکت کی وزیر اعظم نے عوام مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیے، راجہ رزاق بلوچ و دیگر کا خطاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق چیئرمین ضلع کونسل کراچی سلمان عبداللہ مراد کی جانب سے ملیر میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی سالگرہ کے حوالے سے تقریب منعقد کی گئی، جس میں رکن سندھ اسمبلی راجہ رزاق بلوچ، یوسف مرتضیٰ بلوچ، میر عباس تالپور، پی ایس 87کے صدر امداد جوکھیو، عرس کھیڑو، عظمت لوند، فاطمہ مجید، طارق بلوچ، نعمان عبداللہ مراد، منیر ایوب بلوچ ودیگر سمیت کارکنان نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب میں راجہ رزاق بلوچ نے کہاکہ ملک محفوظ ہاتھوں میں نہیں، ایسی صورتحال میں صرف پیپلز پارٹی ہی دہشت گردی کے خاتمے سمیت ملک کی حفاظت کرنا جانتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ وزیر اعظم نے عوام کے ساتھ ہر مرتبہ دھوکہ کیا اور انہیں مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیا ہے، پیپلز پارٹی جب بھی اقتدار میں آئی ہے عوام کی خوشحالی اور ملک کی ترقی کے لیے جدوجہد کی ہے، آصف علی زرداری نے جمہوریت کی مضبوطی اور ملکی مفادات کے لئے کام کیا، جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ یوسف مرتضیٰ بلوچ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کے مفادات کے لیے جدوجہد کی ہے، آصف علی زرداری کو سالگرہ کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ پی پی نے ہمیشہ عوام کی طاقت اور ووٹ کے ذریعے اقتدار حاصل کیا، پی پی جیالوں کی پارٹی ہے اور جیالے ہی ملک کی بہتر خدمت کرنا جانتے ہیں، ان شاء اللہ عوام کی خدمت کے لیے اقتدار حاصل کرکے ملک کو خوشحالی کی طرف لے جائیں گے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں