ملک کا مستقبل اسلامی نظام کے ساتھ وابستہ، محمد حسین محنتی

ملک کا مستقبل اسلامی نظام کے ساتھ وابستہ، محمد حسین محنتی

انتخابات میں حصہ لے کر قوم کو دیانتدار قیادت منتخب کرنے کا موقع دیں گےحکومت مہنگائی پر قابو، قوم سے وعدے پورے کرے ،مجلس شوریٰ سے خطاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی دعوتی اور غلبہ دین کی تحریک ہے، بلدیاتی و عام انتخابات میں بھرپور حصہ لیکر قوم کو با صلاحیت اور دیانتدار قیادت منتخب کرنے کا موقع دیں گے، حکومت مہنگائی کے جن کو قابو اور قیمتوں پر کنٹرول کرنے کے اقدامات کر کے قوم سے کئے گئے وعدے پورے کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کی ضلعی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر نائب قیم صوبہ حافظ طاہر مجید، امیر ضلع عقیل احمد خان، صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ ملک کا مستقبل اور قوم کی خوشحالی اسلامی نظام کے ساتھ وابستہ ہے، جماعت اسلامی ملک کو حقیقی معنی میں اسلام کا گہوارہ بنانے میں کسی بھی قسم کی قربانی سے گریز نہیں کرے گی۔ صوبائی امیر نے کہا کہ مہنگائی، بیروزگاری اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے، حیدرآباد میں ٹرانسفارمر پھٹنے کا واقعہ افسوس ناک ہے جس کی تمام تر ذمہ داری حیسکو پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں ٹرانسفارمر واقعہ کے زخمیوں کو علاج کی سہولتوں کی عدم فراہمی سندھ میں ترقی کے دعویدار حکمرانوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے، عوام کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ ، اوور بلنگ اور دیگر طریقوں سے تنگ کر کے ذہنی مریض بنایا جا رہا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں