پیپلز پارٹی نے حسب عادت دھاندلی کا رونا پیٹا، پی ٹی آئی

پیپلز پارٹی نے حسب عادت دھاندلی کا رونا پیٹا، پی ٹی آئی

کشمیر میں پی پی کوشکست کی اصل وجہ ان کی سندھ میں ناقص کارکردگی ہےپی ٹی آئی کی کامیابی غیر جمہوری جماعتوں کو ہضم نہیں ہورہی، جمال صدیقی

کراچی (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے ترجمان و رکن سندھ اسمبلی جمال صدیقی نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی کامیابی غیر جمہوری جماعتوں کو ہضم نہیں ہورہی، کشمیر انتخابات میں ناکامی کے بعد پیپلز پارٹی نے حسب عادت دھاندلی کا رونا پیٹ دیا ہے، کشمیر الیکشن میں پی ٹی آئی کی کامیابی پر سوگوار پیپلز پارٹی کے غم کا اندازہ لگا سکتے ہیں، اپوزیشن کو دھاندلی کا خدشہ تھا تو انتخابی اصلاحات کی کبھی مخالفت نہ کرتی۔ پیر کو پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاؤس سے جاری بیان میں جمال صدیقی نے مزید کہاکہ کشمیر میں پیپلز پارٹی کوشکست کی اصل وجہ ان کی سندھ میں ناقص کارکردگی ہے، کشمیر کے عوام دیکھ چکے ہیں کہ پیپلز پارٹی نے سندھ میں کراچی، حیدر آباد، لاڑکانہ جیسے شہروں کا کیا حال کیا ہے، کشمیر ی واقف ہیں کہ پیپلز پارٹی نے 14 سال اقتدار میں رہ کر سندھ کیلئے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک کے بعد ایک اپنی ہی کرپشن کے ریکارڈ توڑتی جارہی ہے، سندھ میں جمہوریت کے دعویداروں نے ڈکٹیٹر شپ قائم کی ہوئی ہے، سندھ کا ہر محکمہ اس وقت تباہی و بربادی کا شکار ہے، صوبے میں صحت کا نظام بالکل تباہ ہو چکا ہے، سندھ کے بچے اور نوجوان تعلیم و نوکریوں سے محروم ہیں، سندھ کے اسکولوں میں اساتذہ موجود نہیں لیکن ان کی تنخواہیں جاری ہو رہی ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں