عباسی اسپتال کے ڈاکٹرز و عملہ کیلئے کوویڈ الاؤنس کا اعلان
محنت کے ساتھ خدمات انجام دینے کیلئے ایک ماہ کی اضافی تنخواہ بھی دینگے، لئیق احمد عید بعد کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ گئی، ایڈمنسٹریٹر کراچی، اجلاس سے خطاب
کراچی (اسٹاف ر پورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے عباسی شہید اسپتال کے کوویڈ وارڈ میں کام کرنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو حکومت سندھ کی پالیسی کے مطابق کوویڈ الاؤنس اور ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دینے کا اعلان کیا ہے تاکہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف محنت،تندہی اور یکسوئی کے ساتھ اپنی خدمات انجام دے سکیں۔ اس بات کا فیصلہ پیر کے روز ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ڈاکٹر ندیم راجپوت جو ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سرفراز رفیقی شہید اسپتال اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں انہیں فوری طور پر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز تعینات کیا جائے اور وہاں سے ڈاکٹر مسعود حسن کو ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سرفراز رفیقی شہید اسپتال تعینات کیا جائے تاکہ عباسی شہید اسپتال سمیت دیگر اسپتالوں کی کارکردگی کو بہتر کیا جا سکے۔ ایڈمنسٹریٹر نے کہا کہ عیدالاضحی کے بعد کراچی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا ہے، اسپتالوں میں مسلسل کورونا سے متاثرہ مریض لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیر کے روز کورونا وائرس سے متاثرہ 21 مریض عباسی شہید اسپتال لائے گئے ، جن میں سے 6 کی حالت بہتر نہیں ہے ۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ بھی مفت کئے جا رہے ہیں، پیر کو 50 سے زائد شہریوں کے کوویڈ ٹیسٹ کئے گئے، جن کی رپورٹ آنے کے بعد ہی اندازہ ہو سکے گا کہ صورتحال کیا رخ اختیار کر رہی ہے۔