محرم الحرام کیلئے جامع سیکیورٹی پلان بنایا جائیگا،ناصرشاہ

محرم الحرام کیلئے جامع سیکیورٹی پلان بنایا جائیگا،ناصرشاہ

امام بارگاہوں اور جلوسوں کی گزرگاہوں پر صفائی کے انتظامات کیے جائیں گے صوبائی وزیر برائے مذہبی امورکی زیر صدارت انتظامات کے حوالے سے اجلاس

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے مذہبی امور سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت محرم الحرام میں مجالس کے انتظامات اور امن و امان کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں حسین مسعودی، سید شبر رضا، مولانا صادق جعفری، علامہ سید عرفان عابدی، علامہ سید اصغرنقوی، علامہ ثقلین حیدر، سید کرار نقوی و دیگر نے شرکت کی، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی، کوآرڈی نیٹر برائے وزیر مذہبی امور ڈاکٹر علا مہ جمیل راٹھور، ایڈیشنل چیف سیکریٹری محکمہ داخلہ قاضی شاہد پرویز، ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی لئیق احمد، ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ، ڈی آئی جی سی آئی ڈی نعمان صدیقی اور دیگر افسران بھی مو جو د تھے۔ اس موقع پر ناصر شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کرنے کے لیے پولیس اور رینجرز سمیت قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی مدد سے جامع پلان مرتب کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر مذہبی امور، بلدیات و اطلاعات نے مزید کہا کہ اس حوالے سے پورے صوبہ میں کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز بھی ڈویژن و ڈسٹرکٹس کی سطح پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مل کر اجلاس منعقد کریں گے۔ سید ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ امام بارگاہوں اور جلوسوں کی گزرگاہوں پر صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے جبکہ پانی کی فراہمی کے لئے واٹر بورڈ کی انتظامیہ کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں