پی ٹی آئی کو ووٹ دینے والے اب شرمندہ، نثار کھوڑو
عوام سے جینے کا حق چھیننے والی حکومت کی اصلیت عیاں ہو چکی ہے آئندہ انتخابات میں عوام کسی کو ووٹ پر ڈاکا ڈالنے نہیں دیں گے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ سندھ میں حکومت سازی کا خواب دیکھنے والوں کو عوام آئندہ انتخابات میں سندھ تو کیا ملک بھر میں مسترد کردینگے، تبدیلی کے نام پر پی ٹی آئی کو ووٹ دینے والے بھی اب شرمندہ نظر آتے ہیں۔ پیر کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ عوام سے جینے کا حق چھیننے والی پی ٹی آئی حکومت کی اصلیت سب کے سامنے عیاں ہوچکی ہے، تبدیلی کے نام پر ملک میں جھوٹے، بد زبان اور عوام دشمن حکمران مسلط کردیئے گئے ہیں، صوبوں کے حقوق پر ڈاکا ڈالنے اور عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسنے والی پی ٹی آئی حکومت آئندہ انتخابات میں سندھ میں حکومت بنانے کے خواب دیکھ رہی ہے، سندھ کو این ایف سی، پانی، بجلی،گیس اور دیگر حقوق سے محروم رکھنے، سندھ کے عوام سے جینے کا حق چھیننے والی بھی یہ وفاقی سرکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام جان چکے ہیں کہ سندھ اور سندھ کے عوام سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کرنے والی پی ٹی آئی کی حکومت ہے، اس لئے یہ بات یقینی ہے کہ عوام آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کو ملک بھر میں شکست دینگے۔ انہوں نے کہا کہ عوام آئندہ انتخابات میں دھاندلی کا مقابلہ کرینگے اور کسی کو ووٹ پر ڈاکا ڈالنے نہیں دینگے۔ نثار کھوڑو نے پیشگوئی کی کہ آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کا ملک بھر سے صفایا ہو جائے گا۔