ٹھل میں غیرت کے نام پر بیٹے نے ماں کو قتل کردیا

ٹھل میں غیرت کے نام پر بیٹے نے ماں کو قتل کردیا

اندرون سندھ مختلف واقعات میں4افراد جاں بحق اور 24 زخمی ہوگئے

ٹھل ، اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) ٹھل میں غیرت کے نام پر بیٹے نے ماں کو قتل کردیا، اندرون سندھ مختلف واقعات میں4افراد جاں بحق اور24زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابقٹھل کے تھانے میرپور برڑو کی حدود میمن محلے میں ملزم ہیرو نے غیرت کے نام پر اپنی والدہ فرزانہ بی بی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا ، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوع پر پہنچی اور لاش کو ضروری کارروائی کے لئے تحصیل اسپتال ٹھل منتقل کیا ، ملزم واردات کے بعد فرار ہوگیا، پولیس نے ناکہ بندی کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے ۔ خیرپور کے قریب پرانی شاہراہ پر تیز رفتار کارنے نوجوان لیاقت بروہی کوٹکرمار دی ، جسے نازک حالت میں سول اسپتال خیرپور میں منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ، نوجوان کی لاش گوٹھ جاگن پہنچادی گئی۔ لاڑکانہ کی تحصیل باقرانی کے قریب واقع دادو کینال میں نہانے کے دوران 13 سالہ رابیل اور اس کا بھائی 18 سالہ رزاق جھتیال ڈوب گئے ، غوطہ خوروں نے دونوں کو بیہوشی کی حالت میں کینال سے نکال کر ورثاکو اطلاع دی ، بعدازاں دونوں کو چانڈکا اسپتال منتقل کیا گیا ، جہاں ڈاکٹروں نے رابیل کی موت کی تصدیق کردی۔ بچے کی لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ کرم پور کے رہائشی ہندو تاجر لال بالانی کے 12 سالہ بچے وکرم کی لاش بیگاری کینال سے مل گئی، دو دن قبل ہندوؤں کے مذہبی تہوار کے موقع پر بیگاری کینال پر رسومات کے دوران بچہ پانی میں ڈوب گیا تھا۔محراب پور کے قریب ٹھری میرواہ سے بارات کے ساتھ جانے والی ڈاٹسن اور بس میں تصادم کے نتیجے میں 15 سالہ آزاد علی جاں بحق ہوگیا، واقعے کے بعد شادی کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں ۔بھریا سٹی پولیس کے مطابق بھریا سٹی عدالت کے باہر رشتہ داری کے تنازع پر وسطڑو برادری کے دو گروپوں میں تصادم ہوگیا، جس میں ڈنڈے اور اینٹوں کا استعمال کیاگیا، جس کے نتیجے میں حسین بخش وسطڑو، عبد الکریم وسطڑو، ساجد علی وسطڑو، سکندر علی وسطڑو، یاسین وسطڑو، عمران علی وسطڑو، فدا حسین وسطڑو، غلام حسین وسطڑو، احسان وسطڑو اور اختیار وسطڑو زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ سانگھڑ کے نواجوان صحافی سمیع میمن ٹریفک حادثے میں زخمی ہوگئے ، جن کو سول اسپتال منتقل کیا گیا ۔ باندھی میں مہران ہائی وے پر تیز رفتار وین رکشے سے ٹکرا کر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 4 مسافر زخمی ہوگئے۔ روہڑی کے علاقے علیواہن میں گزشتہ روز عباسی و مہر برادریوں کے درمیان ہونے والے جھگڑے کے بعد مہر برادری کے ڈانڈا بردار افراد نے دکانوں پر بیٹھے عباسی برادری کے نوجوانوں مشتاق احمد عباسی ،حامد عباسی ، معین عباسی ، زاہد راشد ، شوکت وسیم ، پپو ،عامر کوڈو ،عارف ، حاجی رفیق عباسی ودیگر کو زخمی کردیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں