محنتی افسران محکمہ کا اثاثہ ہوتے ہیں، غلام الثقلین

محنتی افسران محکمہ کا اثاثہ ہوتے ہیں، غلام الثقلین

محنت سے کامیابیاں حاصل کرتے اور محکمہ کی نیک نامی کا باعث بنتے ہیںڈی جی پبلک ریلیشنز محکمہ اطلاعات کا شفیق میمن کے اعزاز میں تقریب سے خطاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز محکمہ اطلاعات سندھ غلام الثقلین نے کہا ہے کہ محنتی افسران محکمہ کا اثاثہ ہوتے ہیں کیونکہ وہ اپنی محنت سے نہ صرف اپنے لئے کامیابیاں حاصل کرتے ہیں بلکہ محکمہ کی نیک نامی کا باعث بھی ثابت ہوتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ اطلاعات شہید بے نظیر آباد کے ریٹائر ہو نے والے ڈائریکٹر شفیق حسین میمن کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محکمہ اطلاعات سندھ کے ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائر یکٹرزو انفارمیشن افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز نے مزید کہا کہ باعزت ریٹائرمنٹ کسی بھی افسر کے لیے اعزاز سے کم نہیں ہوتی ۔ شفیق حسین میمن نے 31 سال کی سروس کے دوران بطور افسر تعلقات عامہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اور ڈائریکٹر اپنے فرائض منصبی انتہائی جانفشانی سے ادا کیے۔ تقریب سے خطا ب کر تے ہوئے ڈائریکٹر پریس انفارمیشن محمد سلیم خان نے شفیق حسین میمن کی بطور افسر تعلقات عامہ خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنے کام کو فوقیت دی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن و اکاؤنٹس اختر علی سورہیو نے شفیق حسین میمن کو اجرک کا تحفہ دیا، جبکہ ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز نے انہیں روایتی سندھی ٹوپی پہنائی جبکہ ڈائریکٹر الیکٹرونک میڈیا ذوالفقا ر شیخ اور ڈپٹی ڈائریکٹر نوشہرو فیروز موسیٰ گوندل نے بھی شفیق حسین میمن کو اجرک کا تحفہ دیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں