پاکستان محصورین کے لیے اقدامات کرے، احتشام نظامی

پاکستان محصورین کے لیے اقدامات کرے، احتشام نظامی

نوجوانوں کو معلوم ہونا چاہیے بزرگوں نے کن مشکلات سے یہ ملک حاصل کیافرینڈز آف ہیومنٹی کے صدر کی محمد علی جناح یونیورسٹی کے پروگرام میں گفتگو

کراچی (اسٹاف رپورٹر) فرینڈز آف ہیومنٹی کے صدر اور معروف صحافی احتشام ارشد نظامی نے کہا ہے کہ محصورین پاکستان سے محبت کی سزا بھگت رہے ہیں، پاکستان ان کے لئے اقدامات کرے۔ امریکا میں مقیم احتشام ارشد نظامی نے گزشتہ دنوں پاکستان میں مختصر قیام کے دوران محمد علی جناح یونیورسٹی کے پروگرام ’’ڈسکشن ود ماجو‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخ حسینہ واجد کی حکومت محصورین پاکستان کے ساتھ زیادتی کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے حکم پر بھارت کے اقلیتی صوبوں میں آباد بہاری مشرقی پاکستان آئے تھے، محصورین پاکستان آج بھی پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، بنگلہ دیش حکومت نے نئے قانون کے تحت ان کا شناختی کارڈ بنایا ہے جس میں ایک ہی گھر میں موجود والدین تو بنگلہ دیش کے شہری نہیں ہوسکتے جبکہ ان کے بچے شہری ہیں، مگر اس شہریت پر بھی کئی پابندیاں ہیں۔ احتشام ارشد نظامی نے کہا کہ پاکستانی تعلیمی اداروں کو ایسے پروگرامز کرنے چاہئیں جن میں طلبا کو اپنی تاریخ سے آگاہی دی جائے، ہمارے نوجوانوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ ان کے والدین اور بزرگوں نے کن مشکلوں سے یہ ملک حاصل کیا۔ بنگلہ دیش میں ہجرت کرنے والے تو دو ہجرتوں سے گزرے ہیں۔ احتشام ارشد نظامی نے کہا کہ محمد علی جناح یونیورسٹی اس حوالے سے منفرد لگی کہ یہاں طلبہ کوپاکستان کی تاریخ اور اہم واقعات سے بھی آگاہ رکھا جاتا ہے۔ پروگرام میں کراچی یونین آف جرنلسٹ کے صدر محمد راشد، محمد علی جناح یونیورسٹی کے اساتذہ، حسن آفتاب اور دیگر شریک تھے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں