جعلی شناختی کارڈ کا اجرا,اہم ترین انکوائری متاثر ہونے لگی

جعلی شناختی کارڈ کا اجرا,اہم ترین انکوائری متاثر ہونے لگی

وفاقی وزارت داخلہ کے ماتحت دو اہم اداروں ایف آئی اے اور نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے افسران کے درمیان رابطوں کا فقدان ڈائریکٹرایف آئی اے کراچی 40لاکھ جعلی شناختی کارڈ کے اجراکے شواہد پیش کریں ، ریکارڈکی فراہمی میں رکاوٹ نہیں بن رہے ،ترجمان نادرا

کراچی( رپورٹ:نادر خان)نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) میں جعلی دستاویزات پر قومی شناختی کارڈ کی اجراکی تحقیقات میں ریکارڈ کی عدم فراہمی سے ایف آئی اے کی تفتیش متاثر ہونے لگی ،تین مقدمات میں گرفتار ملزمان سے تفتیش میں ایف آئی اے کو مزید غیر ملکی شہریوں کو شناختی کارڈ کے اجراکے شواہد ملے ہیں ،نادرا ترجمان کا کہنا ہے کہ پہلے ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی 40لاکھ جعلی شناختی کارڈ کے اجراکے شواہد پیش کریں ، ایف آئی اے ہماری نشاندہی پر مقدمات قائم کر رہی ہے نادرا کیسے ریکارڈ فراہمی میں رکاوٹ بنے گا ۔وفاقی وزارت داخلہ کے ماتحت آنے والے دو اہم اداروں ایف آئی اے اور نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے افسران کے درمیان رابطوں کے فقدان کے باعث جعلی دستاویزات پر غیر ملکی شہریوں کو قومی شناختی کارڈ کے اجراکی اہم ترین انکوائری کے متاثر ہونے سے ملوث ملزمان کو فائدہ ملنے کا امکان ہے ۔واضح رہے کہ ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران جعلی دستاویزات اور وفاقی وزارت داخلہ کی تیار کردہ انڈیپنڈنٹ پالیسی کے غلط استعمال سے غیر ملکی شہریوں کو قومی شناختی کارڈ کے اجراپر تین علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کئے ہیں اور ان مقدمات میں نادرا افسران اور ایجنٹوں سمیت13ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے ان مقدمات میں گرفتار ملزمان سے دوران تفتیش مزید غیر ملکی شہریوں کو نادرا کراچی کے مختلف سینٹرز سے رشوت کے عوض قومی شناختی کارڈ کے اجراکے شواہد ملے ہیں تاہم ان شواہد کی تصدیق کے لئے نادرا حکام ہی رکاوٹ ڈال رہے ہیں جس سے اہم ترین مقدمات کی تفتیش بھی متاثر ہورہی ہے ۔ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ جعلی دستاویزات پر غیر ملکی شہریوں کو قومی شناختی کارڈ کے اجراکی تصدیق نادرا کے ریکارڈ سے ہی ممکن ہے اور نادرا حکام اپنے کمپیوٹرائزڈ ڈیٹا تک رسائی فراہم نہیں کر رہے ہیں اور کئی نوٹسز جاری کرنے کے باوجود ریکارڈ فراہم کرنے سے گریز کر رہے ہیں جس کی وجہ سے عدالت میں ریکارڈ فراہم کرنے میں رکاوٹ آرہی ہے ۔دوسری جانب نادرا ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی نے 40لاکھ جعلی شناختی کارڈ جاری کرنے کا نادرا پر الزام تو عائد کردیا ہے کیا وہ اسے ثابت کرسکتے ہیں اور جعلی دستاویزات پر غیر ملکی شہریوں کو قومی شناختی کارڈ جاری کرنے میں ملوث نادرا حکام کی نشاندہی بھی نادرا کی جانب سے اداروں کو کی گئی ہے اور اسی بنیاد پر ایف آئی اے نے مقدمات درج کئے ہیں تو نادرا کیسے رکاوٹ بن سکتا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں