سندھ میں حکومتی نااہلی سے تعلیمی نظام کو خطرہ،خرم شیر

سندھ میں حکومتی نااہلی سے تعلیمی نظام کو خطرہ،خرم شیر

امتحانی مراکز میں نقل اور پرچے آؤٹ ہونے کا سلسلہ روایتی انداز میں جاری ہے،کرپشن اورناقص طرز حکمرانی کی وجہ سے سندھ دیگر صوبوں سے پیچھے رہ گیا ہے

کراچی (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے سندھ میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں نقل اور پرچہ آؤٹ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں حکومتی نااہلی تعلیمی نظام اور طلبا کے مستقبل کو خطرے میں ڈال رہی ہے ، سندھ میں امتحانی مراکز میں نقل اور پرچے آؤٹ ہونے کا سلسلہ روایتی انداز میں جاری ہے ۔ انصاف ہاؤس سے جاری بیان میں خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے پرچی چیئرمین نے صوبے کے طالب علموں کو بھی پرچی میں لگادیا ہے ۔ جب کوئی وزرا کی نالائقیوں پر بات کرے تو یہ ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈال دیتے ہیں۔ سندھ میں تعلیمی نظام کو منظم سازش کے تحت تباہ کیا جارہا ہے ۔ صوبے کا مستقبل روشن ہو، سندھ حکومت اور انتظامیہ کی ایسی نیت ہی نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کی کرپشن اورناقص طرز حکمرانی کی وجہ سے تعلیم ، صحت اور دیگر شعبوں میں سندھ دیگر صوبوں سے پیچھے رہ گیا ہے ۔ سندھ کے اسکولوں اور کالجوں میں معیاری تعلیم کی سہولیات موجود نہیں۔ سندھ کے تعلیمی ادارے کہیں وڈیروں کی اوطاق بنے ہوئے ہیں تو کہیں انہیں بھینسوں کے باڑے میں تبدیل کردیا گیا ہے ۔ امتحانات میں نقل کی روک تھام کے لئے سندھ حکومت نے کوئی اقدامات نہیں کئے ۔ امتحانی مراکز میں بد انتظامی کی صورتحال کے پیش نظر رینجرز کو طلب کیا جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں