پانی چوروں کیخلاف آپریشن،غیرقانونی ہائیڈرنٹ مسمار

پانی چوروں کیخلاف آپریشن،غیرقانونی ہائیڈرنٹ مسمار

ملیر ندی میں کارروائی کے دوران سامان ضبط ،2 ملزمان زیر حراست ،غیرقانونی ہائیڈرنٹ سے اطراف کی آبادی کو مہنگے داموں پانی بیچا جاتا تھا

کراچی(اسٹاف رپورٹر) واٹر بورڈ اور پولیس نے پانی چوروں کے خلاف کامیاب آپریشن کے دوران غیرقانونی ہائیڈرنٹ مسمار کرکے سارا سامان ضبط کرلیا اور 2 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی ہدایت پر کراچی واٹر اینٹی تھیفٹ سیل نے پانی چوروں کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے کارروائی کی۔کراچی واٹر اینٹی تھیفٹ سیل کے عملے نے ملیر ندی انور بلوچ ہوٹل کے قریب قائم غیرقانونی ہائیڈرنٹ کو مسمار کردیا اور جائے وقوع سے دو ملزمان کو حراست میں لے کر لاک اپ کردیا۔کارروائی کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس کی نفری بھی موجود تھی، دوران کارروائی کوئی مزاحمت نہیں ہوئی۔ میڈیا کو صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے انچارج اینٹی تھیفٹ سیل راشد صدیقی نے بتایا کہ کارروائی کے دوران غیرقانونی ہائیڈرنٹ پر موجود موٹریں، پائپ اور سکشن پمپ ضبط کرلیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ غیرقانونی ہائیڈرنٹ سے اطراف کی آبادی کو مہنگے داموں پانی بیچا جاتا تھا اس کے علاوہ غیر قانونی ہائیڈرنٹ کے مالک کے خلاف باقاعدہ ایف آئی آر درج کرائی جائے گی۔ راشد صدیقی کے مطابق کارروائی کے دوران علاقہ کے ایگزیکٹو انجینئر عرفان خان اور اینٹی تھیفٹ سیل کا عملہ اور پولیس اہلکار بھی موجود تھے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں