ملیر میں جعلی گوٹھوں کیخلاف آپریشن،درجنوں مکانات مسمار

ملیر میں جعلی گوٹھوں کیخلاف آپریشن،درجنوں مکانات مسمار

آپریشن کے دوران سخت مزاحمت کا سامنا،پتھراؤ سے گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ،لینڈ مافیا سے کروڑوں روپے مالیت کی 20ایکڑ سرکاری زمین واگزار کرالی گئی

کراچی(رپورٹ :آغا طارق) ملیر میں لینڈ مافیا کے خلاف جاری آپریشن کے سلسلے میں میمن گوٹھ کے علاقے میں قائم جعلی گوٹھوں کے خلاف بھرپور آپریشن کرکے درجنوں مکانات مسمار کردیے گئے، ملیر انتظامیہ نے 25 کروڑ لاگت کی 20ایکڑ سرکاری زمین خالی کرا لی۔ آپریشن کے دوران سخت مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑا، پتھراؤ سے گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ تفصیلات کے مطابق ملیر میں لینڈ مافیا کے خلاف جاری آپریشن کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ملیر گھنور علی لغاری کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر میمن گوٹھ گل بیگ مجیدانو ، مختیارکار خالد لوند کی سربراہی میں محکمہ ریونیو، اینٹی انکروچمنٹ پولیس اور ملیر کے مختلف تھانوں کی پولیس نے میمن گوٹھ کے علاقے میں عثمان خاصخیلی گوٹھ اور دیگر گوٹھوں کی آڑ میں سرکاری زمین پر قبضہ کرکے پلاٹ فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی ۔ اس دوران لینڈ مافیا کی جانب سے انتظامیہ پر پتھراؤ بھی کیا گیا جس کی وجہ سے کئی سرکاری گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے اور سخت مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑا ۔ اس دوران محکمہ ریونیو ملیر نے مشینری کے ہمراہ درجنوں مکانات اور دوکانیں مسمار کر دیں، آپریشن کے دوران 25 کروڑ مالیت کی 20 ایکڑ سرکاری زمین واگزار کرا کے اپنی تحویل میں لے لی۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ملیر گھنور علی لغاری نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لینڈ مافیا سے قیمتی سرکاری اراضی خالی کرائی گئی ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں