محمدعلی کے قاتلوں کوتین دن میں گرفتارکیاجائے ،حافظ نعیم
ملزمان کی عدم گرفتاری پراحتجاج کیاجائیگا،امن پسندی کوکمزوری نہ سمجھاجائے،محمدعلی کی نمازجنازہ کی امامت، منگھوپیر قبرستان میں سپردخاک،علاقے میں سوگ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) منگھوپیر کے علاقے میں حاجی محمد اسحاق خان کے جواں سال صاحبزادے مقتول محمد علی کو منگل کے روز سپرد خاک کر دیا گیا، جنازے کے موقع پر پورے علاقے میں سوگ کا سماں تھا اور ہرآنکھ اشکبار تھی، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے منگھوپیر روڈ پر نماز جنازہ کی امامت کی اور تدفین منگھوپیر قبرستان میں ہوئی۔ حافظ نعیم الرحمن نے جنازے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے محمد علی کے قاتلوں کو 3دن کے اندر گرفتار نہیں کیا تو جماعت اسلامی بھر پور احتجاج کرے گی،ہماری امن پسندی اور پر امن رہنے کو کمزوری نہ سمجھا جائے ، ٹارگٹ کلنگ کی اس واردات کی شدید مذمت کرتے ہیں، گورنر سندھ، وزیر اعلیٰ، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ قتل کی اس واردات کا فوری نوٹس لیں اور مجرموں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔ حافظ نعیم نے مزید کہا کہ شہر میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات نے امن و امان کی صورتحال خراب کر دی ہے ، شہر میں سماجی کارکن کو خاص طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے ، اگر صورتحال کو بروقت قابو نہ کیا گیا تو سماجی کارکن قتل اور دہشت گرد پیدا ہوتے رہیں گے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اربوں روپے کا بجٹ دیا جاتا ہے ، لیکن پھر بھی یہ جرائم پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئے ہیں،جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی نہ ہونے سے شہر یرغمال بن چکا ہے ۔