منشیات فروشوں کے خلاف ہر سطح پر کریک ڈاؤن کی ہدایت

منشیات فروشوں کے خلاف ہر سطح پر کریک ڈاؤن کی ہدایت

فیلڈاسٹاف منشیات کی فروخت کے گھناؤ نے جرم میں ملوث بدنام افراد کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ،مکیش چاؤلہ،معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کے مطابق کمپیوٹر سسٹم میں تمام ادا شدہ چالان کو فوری اپ ڈیٹ کیا جائے ،وزیر ایکسائز

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و محکمہ انسداد منشیات مکیش کمار چاؤ لہ نے فیلڈ اسٹاف کو ہدایت کی ہے کہ وہ منشیات کی فروخت کے گھناؤ نے جرم میں ملوث بدنام افراد کی سرگرمیوں پر نظر رکھے اور اس طرح کے مجرموں کے خلاف ہر سطح پر کریک ڈاؤ ن کیا جائے ۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات راجہ خرم شہزاد عمر ، ڈائریکٹر جنرلز منیر احمد زرداری ، حاجی سلیم بھٹو اور دیگر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤ لہ نے افسران کو مزید ہدایت کی کہ وہ مالی سال 2021-22 کے لئے مقرر کردہ ٹیکس اہداف کے حصول کے لئے ہر ممکن کوششیں کریں اور پراپرٹی ٹیکس ، پیشہ ورانہ ٹیکس اور کاٹن فیس کی وصولی کے لئے سخت کوششیں کی جائیں۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ اپنے ماتحت عملے کو ہدایت کریں کہ معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کے مطابق کمپیوٹر سسٹم میں تمام ادا شدہ چالان کو فوری طور پر اپ ڈیٹ کریں اور ان کی تصدیق کی جا ئے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ریجنل ڈائریکٹرز ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن فوری طور پر ضلعی افسران کو اپنے فیلڈ عملے کو متحرک کرنے اور ذاتی دلچسپی کے ذریعے سرکاری واجبات کی وصولی کو یقینی بنانے کے لئے ہدایت جاری کریں۔ اس موقع پر سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات راجہ خرم شہزاد عمر نے صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤ لہ کو بتایا کہ پراپرٹی ٹیکس ، پیشہ ورانہ ٹیکس اور کاٹن فیس کے بقایا جات کی وصولی کے لئے الگ ٹیمیں تشکیل دی جارہی ہیں۔وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات نے امید ظاہر کی ہے کہ افسران محکمے کی توقعات پر پورا اتریں گے اور اپنے اپنے شعبے کا نام روشن کریں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں