سول اسپتال کی او پی ڈییز بند اور آپریشن ملتوی، غریب مریض پریشانی میں مبتلا

سول اسپتال کی او پی ڈییز بند اور آپریشن ملتوی، غریب مریض پریشانی میں مبتلا

ہزاروں افراد ویکسین لگوانے سے محروم رہیں گے ،فیصلے سے نجی اسپتالوں کی چاندی،انتظامیہ نے زندگی مشکل بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی،وزیراعلیٰ صورتحال کا نوٹس لیں،مریضوں کا مطالبہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سول اسپتال کراچی کی او پی ڈیز بند اور آپریشن ملتوی ہونے سے غریب مریض اور ان کے لواحقین شدید پریشانی میں مبتلا ، نجی اسپتالوں کی چاندی ہوگئی۔ سول اسپتال کراچی کے ایم ایس ڈاکٹر نور محمد سومرو نے سول اسپتال کے آؤٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹس(او پی ڈیز) بندکرنے کے احکامات جاری کئے ہیں جس میں آئی او پی ڈی، ای این ٹی، سرجیکل، آرتھو پیڈک ، اسکن اور ڈینٹل اوپی ڈی کی بند ش شامل ہے ، سول اسپتال کراچی میں یومیہ ہزاروں افراد علاج کیلئے آتے ہیں جہاں علاج سے قبل آنیوالے تمام مریضوں کو کورونا کی ویکسین لگائی جارہی ہے ، اسپتال آنیوالے مریضوں کے مطابق تمام اسپتالوں میں کورونا ویکسین صبح سے لیکر شام گئے تک لگائی جارہی ہے لیکن سول اسپتال میں ویکسین سینٹر کی ٹائمنگ 2بجے تھی اور اس پر بھی یہ سینٹر ایک بجے تک بند کردیا جاتا ہے ، اب او پی ڈیز کو بند کرنے کے فیصلے سے ہزاروں افراد ویکسین لگوانے سے محروم رہیں گے ، مریضوں کا کہنا ہے کہ او پی ڈیز بند کرنے کے فیصلے سے نجی اسپتالوں کی چاندی ہوگئی ہے ، مریض او پی ڈی بند ہونے کی صورت میں نجی اسپتالوں کا رخ کریں گے اور نجی اسپتالوں کی جانب سے مریضوں سے دگنی فیس وصول کی جائے گی۔ اسپتال آنیوالے مریضوں کا کہنا ہے کہ کورونا کی وبا میں بجائے آسانی کے سول اسپتال انتظامیہ نے غریب مریضوں کی زندگی مشکل بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، وزیراعلیٰ سندھ و دیگر متعلقہ حکام اس صورتحال کا نوٹس لیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں