سفاری پارک جدید ترین بنانے کی پیشکش

سفاری پارک جدید ترین بنانے کی پیشکش

منفردطرزتعمیر کی وجہ سے پارک میں بہتری کی بہت زیادہ گنجائش، سہولتوں میں اضافہ ضروری ہے ، یو این ڈی پی کی کراچی میں متعین انچارج مہانو آغا کا دورہ،باغ ابن قاسم کی ترقی میں بھی دلچسپی کا اظہار، ایڈمنسٹریٹرکراچی لئیق احمد سے ملاقات، مستقبل میں دونوں اداروں کا بعض ترقیاتی منصوبوں پر مل کر کام کرنے پر اتفاق

کراچی(اسٹاف رپورٹر) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی)نے کراچی کی مشہور تفریح گاہ سفاری پارک کو جدید ترین پارک بنانے کی پیشکش کردی۔باخبر ذرائع کے مطابق یو این ڈی پی کی کراچی میں متعین انچارج پروگرام مہانو آغا نے سفاری پارک کا دورہ کیا اور یہاں ضروری سہولتوں کی عدم دستیابی پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی جیسے میٹروپولیٹن شہر میں سفاری پارک کو اس کی اصل غرض و غایت کے بجائے نہایت معمول کے پارک کے طور پر چلایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سفاری پارک میں جانوروں کی تعداد ، ان کی رہائش ، خوراک اور انہیں دیکھنے کے لیے آنے والے شہریوں کی دلچسپی کے لیے واضح سہولتوں کا فقدان ہے ۔ انہوں نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر لئیق احمد سے ملاقات کی اور پیشکش کی کہ یو این ڈی پی کراچی کے بعض ترقیاتی منصوبوں میں مالی اور ماہرانہ مدد کے لیے تیار ہے ۔ انہوں نے سرفہرست منصوبوں میں سفاری پارک اور کلفٹن میں واقع تاریخی باغ ابن قاسم میں سہولتوں میں اضافے پر زور دیا اور ان منصوبوں کی ترقی میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ ذرائع کے مطابق دورے کے دوران انہوں نے کہا کہ سفاری پارک جس طرز پر بنایا گیا ہے ،اس میں بہتری کی بہت زیادہ گنجائش ہے ۔موجودہ حالت میں اسے سفاری پارک کے بجائے عام پارک ہی کہا جاسکتا ہے ۔ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے سفاری پارک،باغ ابن قاسم سمیت کراچی کے کئی منصوبوں کو بہتر کرنے کے لیے نجی شعبے سے بات چیت کے علاوہ یو این ڈی پی کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ یادداشت پر گزشتہ دنوں یو این ڈی پی کی جانب سے اسلام آباد کے نمائندے نٹ اوسٹبائی اور کے ایم سی کی جانب سے ایڈمنسٹریٹر لئیق احمد نے دستخط کیے ہیں۔ یادداشت کے مطابق دونوں ادارے مل کر مستقبل میں کراچی کے بعض ترقیاتی منصوبوں کی بہتری پر کام کریں گے ۔ واضح رہے کہ یہ خوبصورت تفریح گاہ کراچی کی مشہور شاہراہ یونیورسٹی روڈ پر گلستان جوہر کے قریب واقع ہے ۔ اس پارک میں چڑیا گھر اور پارک دونوں کو یکجا کرکے کراچی کے عوام کے لیے ایک نئی تفریح گاہ تخلیق کی گئی تھی۔ یہ منصوبہ گو کہ نئی تفریحی سہولت تھا مگر حکمرانوں کی عدم دلچسپی کا شکار رہنے کی وجہ سے اپنی اصل شکل میں بحال نہیں کیا جاسکا۔ یہ پارک 1970 میں قائم کیا گیا تھا اور اس کا رقبہ 148 ایکڑ سے زائد ہے ۔قیمتی اراضی ہونے کی وجہ سے کئی برس تک اس کی زمین کے ایک بڑے حصے پر لینڈ مافیا سے عدالتی معاملہ بھی چلتا رہا۔ سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی فہیم زمان خان،سید انظار حسین زیدی،منتخب میئر ڈاکٹر فاروق ستار، منتخب ناظم کراچی نعمت اللہ خان کے ادوار میں پارک کی ترقی میں خصوصی دلچسپی لی گئی تاہم وسائل کی کمی کی وجہ سے اسے آج تک سفاری پارک کا حقیقی روپ نہیں مل سکا تھا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں