انٹرامتحانات جاری،چیئرمین کا مختلف مراکز کا دورہ

انٹرامتحانات جاری،چیئرمین کا مختلف مراکز کا دورہ

پرچہ وقت پر شروع ہوا ، امتحانی مراکز میں ویجی لینس آفیسرز بھی موجود تھے،طلبہ و طالبات کو احتیاطی تدابیر کے طور پر ماسک اور سینیٹائزر فراہم کیے گئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات برائے 2021ء کامیابی سے جاری ہیں۔ بدھ کو امتحانات کے تیسرے روز چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں کے ساتھ صبح و شام کی شفٹوں میں تین امتحانی مراکز گورنمنٹ ڈگری کالج فار ویمن ناظم آباد اور گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن بلاک 15 فیڈرل بی ایریا کا دورہ کر کے امتحانی عمل کا جائزہ لیا جبکہ شام کی شفٹ میں گورنمنٹ اسلامیہ آرٹس اینڈ کامرس کالج میں وزٹ کیا اور امتحانات کے پرامن و بلاتعطل انعقاد اور مجموعی انتظامات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔ صبح اور شام کی شفٹوں میں امتحانی مراکز پر پرچہ وقت پر شروع ہوا اور امتحانی مراکز میں ویجی لینس آفیسرز بھی موجود تھے ۔ امتحانی مراکز پر کورونا ایس اوپیز کا مکمل خیال رکھا جارہا تھا، طلبہ و طالبات کو احتیاطی تدابیر کے طور پر ماسک اور سینیٹائزر فراہم کیے گئے تھے جبکہ ٹمپریچر چیک کرنے کیلئے تھرمل گن بھی موجود تھی۔ گورنمنٹ ڈگری کالج فار ویمن ناظم آباد پر طالبات کے والدین نے چیئرمین انٹربورڈ سے شکایت کی کہ امتحانی مرکز پر ہمارے بیٹھنے کا مناسب انتظام نہیں ہے۔چیئرمین انٹربورڈ نے موقع پر ہی امتحانی مرکز کی انتظامیہ کو طالبات کے ساتھ آنے والے والدین کیلئے انتظامات بہتر بنانے کے احکامات جاری کیے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں