حکومتی نااہلی سے شہر میں صفائی کی صورتحال ابتر،حافظ نعیم

حکومتی نااہلی سے شہر میں صفائی کی صورتحال ابتر،حافظ نعیم

عیدالاضحی کے بعدجگہ جگہ کچرے اورگندگی کے ڈھیرسے عوام کوذہنی اذیت کاسامنا،سندھ حکومت نے کراچی کو صرف کھانے کمانے اور مال بنانے کا ذریعہ بنایا ہوا ہے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ کے کئی دن گزر جانے کے باوجود شہر میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات، آلائشیں ٹھکانے نہ لگانے اور شہر میں جگہ جگہ کچرے اور گندگی کے ڈھیر جمع ہونے سے عوام کو شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا سامناکرنا پڑرہا ہے ، گندگی پھیلنے ، وقفے وقفے سے بارش ہونے اور جراثیم کُش اسپرے نہ کرنے سے شہر کی فضا میں تعفن پھیل رہا ہے اور بیماریاں پیدا ہونے کا خدشہ ہے ۔ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، بلدیاتی ادارے ، شہری و ضلعی انتظامیہ، ایڈمنسٹریٹر،ضلع اور یونین کونسل میں تمام اختیارات اور وسائل پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کے پاس ہیں۔ اس لیے اب تو تمام تر ذمہ داری سندھ حکومت پر عائد ہوتی ہے کسی اور پر ذمہ داری ڈال کر سندھ حکومت بری الذمہ نہیں ہو سکتی۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سندھ حکومت،صوبائی وزرا اور اس کے ماتحت اعلیٰ سرکاری افسران کی نا اہلی اور نا قص کارکردگی نے شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال ابتر کر دی ہے ۔ عید الاضحیٰ سے قبل اور بعد میں صرف بڑے بڑے دعوے اور نمائشی اقدامات تو کیے گئے اور بیانات بھی دیے گئے لیکن شہر میں عملاً صورتحال انتہائی تشویشناک ہے ۔ ایسا محسوس ہوتا ہے سندھ حکومت اور متعلقہ اداروں کے ذمہ داران کو اس سنگین صورتحال سے کوئی سرو کار نہیں،سندھ حکومت نے کراچی کو صرف کھانے کمانے اور مال بنانے کا ذریعہ بنایا ہوا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں