عباسی شہید اسپتال میں کوویڈ ویجی لنس کمیٹی قائم

عباسی شہید اسپتال میں کوویڈ ویجی لنس کمیٹی قائم

حتمی فیصلے کمیٹی کی ذمہ داری ہوگی ،کوئی فیصلوں کو چیلنج نہیں کرسکے گا ،چوتھے فلور پر 16 بیڈز کا مزید اضافہ کیا جا رہا ہے ،ایڈمنسٹریٹر لئیق احمد

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے عباسی شہید اسپتال میں پانچ سینئر ڈاکٹرز پر مشتمل کوویڈ19 ویجی لینس کمیٹی قائم کردی ہے جس کے اراکین میں پرنسپل کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ڈاکٹر آفتاب امتیاز، کنوینر ایگزیکٹو کمیٹی کے ایم ڈی سی ڈاکٹر فرحت جعفری، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ عباسی شہید اسپتال ڈاکٹر ندیم آصف، ڈائریکٹر عباسی شہید اسپتال ڈاکٹر ایم نادر خان اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سرفراز رفیقی شہید اسپتال ڈاکٹر ندیم راجپوت شامل ہیں۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کی صدارت میں بدھ کے روز ایک اجلاس منعقد ہوا۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال میں قائم کوویڈ ایمرجنسی وارڈ کے متعلق تمام حتمی فیصلے اس ویجی لینس کمیٹی کی ذمہ داری ہوگی اور کوئی بھی اس کمیٹی کے فیصلوں کو چیلنج نہیں کرسکے گا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک 38 مریض کوویڈ19 وارڈ میں زیر علاج ہیں اور کراچی کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر مسلسل مریضوں کی اسپتال آمد جاری ہے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کوویڈ وارڈ کے چوتھے فلور پر 16 بیڈز کا مزید اضافہ کیا جا رہا ہے جس کے لئے وینٹی لیٹرز کا انتظام کرلیا گیا ہے تاکہ مزید مریضوں کے لئے گنجائش مہیا کی جائے۔ انہوں نے ایک بار پھر شہریوں سے اپیل کی کہ وہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر سماجی میل جول میں احتیاط کریں اور ماسک کا استعمال کریں، طبیعت خراب ہونے کی صورت میں کسی بھی قریبی اسپتال یا مرکز صحت سے فوری رابطہ کریں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں